لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پریس کلب میں خانیوال کی رہائشی صائمہ بی بی نے اپنے وکلاءکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پسند کی شادی کی ہے جس پر پولیس نے میرے چچا کی ایماءپر میرے شوہر عثمان خان پر میرے گھر والوں نے اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج کروا کر ایسے گرفتار کروا دیا جبکہ مقدمہ میرے خاوند سمیت اسکے 5 بھائیوں اور باپ پر بھی درج کروایا گیا۔ پولیس انکے ساتھ ملی ہوئی ہے، میرا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ ہے کہ کہ میں یتیم لڑکی ہوں، مجھے میرے چچا کے ظلم کیخلاف انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ صائمہ بی بی نے الزام عائد کیا کہ میرے چچا میری شادی اپنے بیٹے ابرار کے ساتھ کرنا چاہتے تھے جو کہ علاقے میں منشیات کا دھندہ کرتا ہے لیکن میرے انکار پر میرے چچا نے میری اور میرے شوہر کی زندگی اجیرن کررکھی ہے۔ اس نے کہا کہ میں نے اپنی مرضی سے عثمان خان کے ساتھ شادی کی ہے لیکن پولیس نے میرے شوہر اور اسکے بھائی کو نہ صرف بوگس مقدمہ میں ریکوری ڈال کر دو ماہ سے جیل میں بند کررکھا ہے۔ صائمہ بی بی نے کہا کہ میری آج کی پریس کانفرنس کا مقصد یہ ہے کہ شاید یہ میری اور آپ لوگوں کی آخری ملاقات ہو کیونکہ میں تنہا اتنے بڑے مافیا کا مقابلہ نہیں کرسکوں گی کیونکہ میرے ساتھ کھڑے ہونے والے ہر شخص کو جعلی مقدمات میں ملوث کردیا جاتا ہے۔ صائمہ بی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ مجھے اور میرے شوہر کو انصاف دلایا جائے اور میری جان کی حفاظت کی جائے جبکہ میرے چچا اور اسکے منشیات فروش بیٹے کو فوری گرفتار کیا جائے۔
چچا کے مظالم سے نجات ، جان کا تحفظ فراہم کیا جائے،خانیوال کی صائمہ کی فریاد



















