اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ہائیکورٹ نے گرفتار پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کردیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی،پراسیکیوٹر جنرل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کرنے سے برا تاثر جائے گا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا برا تاثر جائے گا؟،وکیل درخواست گزار نے کہا عدالت کو زیادہ لمبا جسمانی ریمانڈ نہیں دینا چاہیے، ٹرائل عدالت نے اپنے آرڈر میں ریمانڈ کی کوئی وجوہات بھی نہیں لکھیں۔
عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیاآپ جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کا کیسے دفاع کریں گے؟ پراسیکیوٹر نے ملزموں کیخلاف ایف آئی آرز کا متن عدالت کو پڑھ کر سنایا،بعد ازاں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت کا جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے گرفتار 10 اراکین نے پروڈکشن آرڈرز پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کی،اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری ساتھ پارلیمنٹ ہاو¿س پہنچی، ممبران کو قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا،علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاو¿س آمد پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور صاحبزادہ حامد رضا نے گرفتار اراکین اسمبلی سے ملاقات کرکے خیریت پوچھی، گرفتار اراکین نے دوران حراست پولیس کے ناروا سلوک کی شکایت لگائی۔
گرفتار پی ٹی آئی اراکین کے ریمانڈ کا فیصلہ معطل، اسمبلی اجلاس میں شرکت



















