ماسکو (مشرق نیوز) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطی ایک بڑی علاقائی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ان کا ملک اس جنگ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے تمام فریقوں کیساتھ ملکر کام کر رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس، خلیج تعاون کونسل کے سٹرٹیجک ڈائیلاگ سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں لڑائی کو روکنے میں بین الاقوامی برادری کی ناکامی اور اس کے باشندوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں نے فوجی اور سیاسی صورتحال میں تیزی سے بگاڑ پیدا کیا جس کے بعد پورا خطہ جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے۔ جنگ اسرائیل کی سرحدوں سے نکل کر بحیرہ احمر تک پھیل چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان محاذ آرائی ایک نئی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ مشرق وسطی ایک بار پھر ایک بڑی علاقائی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسے ہونے سے روکیں۔انہوں نے زور دیکر کہاکہ ہم حالات کو معمول پر لانے کیلئے تمام فریقوں کیساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔
مشرق وسطیٰ ایک بڑی علاقائی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے:روسی وزیرخارجہ



















