معاملات سیاستدانوں کے حوالے کیے جائیں،فضل الرحمن

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سربراہ جے یوآئی فضل الرحمن نے کہاہے کے پی،بلوچستان میںحکومتی رٹ ختم،دہشت گردی کی ذمہ داری افغانستان پر عائد کرنے کی بجائے اپنی ذمہ داریوں کو دیکھا جائے، سرحدوں پر ہم بیٹھے ہیں افغانستان نہیں،طاقت کااستعمال کرنے کی بجائے معاملات سیاستدانوں کے حوالے کیے جائیں،سیاستدانوں، قائدین کو غیر ضروری سمجھنے سے زیادہ بڑی حماقت کوئی نہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

فضل الرحمن نے کہاپاکستان پراکسی وار کا میدان جنگ بنا ہے،بلوچستان میں ایک ہی دن 4،5مقامات پر ریاستی اداروں ، افواج پر حملے ہوئے، سب چیزوں پر ایوان غور نہیں کر ےگا تو کون کرےگااب بھی معاملات کو سنجیدہ نہیں لے رہے، دونوں طرف صورتحال جذباتی ہو جاتی ہے، ایک فریق پھر علیحدگی کی بات کرتا ہے، دوسری طرف طاقت سے نمٹنے اور ریاست کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں، بیانات صورتحال کو اور جذباتی بناتے ہیں، دونوں جانب سے انتہا پر جانا ملکی سلامتی کیلئے سوالیہ نشان بن گیا ۔

سربراہ جے یوآئی نے کہاسیاسی لوگوں کی اہمیت ختم کی جا رہی ہے، سینئر سیاسی قائدین کو سائیڈ لائن کیا جا رہا ہے، معاملات الجھ جائیں توگتھی کو سلجھانا مشکل ہو جاتا ہے لیکن سارے معاملات کو سیاسی لوگ ہی ختم کر سکتے ہیں، سیاستدانوں کو بااختیار بنائیں،نوجوان جذباتی ہوتے ہیں، معاملہ فہم نہیں ہوتے جس سے معاملات اور الجھ جاتے ہیں، ہر چیز کےلئے امرت دھارا بن جانا خواہش ہو سکتی ہے مسئلے کا حل نہیں، پراکسی جنگ لڑ رہے ہیں، مفاد میںنہیں ۔

فضل الرحمن نے کہاسیاسی قائدین کو ملک کیلئے غیر ضروری سمجھنا حماقت ہے، سندھ میں ڈاکووں کا راج ہے، ہمارے ہاں سٹیٹ کو باقاعدہ چیلنج کیا جا رہا ہے،جذباتی لوگوں کو آگے لانے سے ریاست کا نقصان ہوتا ہے، سیاست کے معاملات سیاستدانوں کے حوالے کیے جائیں ورنہ مسئلے حل نہیں ہوں گے، تمام صورت حال میں پوری ذمہ داری سے قدم اٹھانا چاہیے، اپوزیشن میں ضرور ہیں لیکن وطن کو ضرورت پڑی تو ہر طرح کی قربانی کےلئے تیار ہیں۔

سربراہ جے یوآئی نے کہالوگوں کو روزگار نہیں دے پا رہے، ایک طرف بے روزگاری ہے تو دوسری طرف محکموں کو ختم کیا جا رہا ہے، پی ڈبلیو ڈی ،یوٹیلیٹی سٹورز کو بند کیاجا رہا ہے، معاملات کو خراب نہ کیجیے، ملک میں بے روزگاری بڑھ چکی ،مہنگائی کا طوفان ہے،پارلیمنٹ اور ممبران کا پالیسیوں میں کوئی کردار نہیں، پارلیمان کی طرف سے واضح ہدایات آنی چاہئیں،مسنگ پرسنز اہم اور انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے، لوگ سالوں سے لاپتہ ہیں جو بھی مسنگ ہے حکومتی ذمہ داری ہے خاندان کو بتائے بچہ کدھر ہے، اختر مینگل نے جس احساس کے تحت استعفیٰ دیا وہ یہاں بہت ساری جماعتوں کا ہے، اقتدار میں لائے گئے لوگوں کا اس کے علاوہ کوئی کام نہیں جب آقا چاہیں یہ ان کیلئے قانون سازی کریں۔

فضل الرحمن نے کہابلوچستان ،خیبر پختونخوا میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی ، راکٹ لانچرز اور ہر طرح کے جدید اسلحہ سے مسلح جتھے بھتے لے رہے ہیں،حالات کی سنگینی کا اندازہ لگائیں کچھ علاقوں میں سکولوں ،کالجوں میں پاکستان کا ترانہ نہیں پڑھا جاسکتا، پاکستان کا جھنڈا نہیں لہرایا جاسکتا، دونوں صوبوںمیں صورتحال کو واپس لایا جا سکتا ہے لیکن طاقت کے استعمال کی باتوں سے حالات بگڑتے ہیں، پارلیمنٹ صورتحال میں آگے بڑھے اور اپنا کردار ادا کرے، جب ریاست ناکام ہو جاتی ہے تو وہاں ہم جاتے ہیں اور حالات کنٹرول ہوجاتے ہیں، میں الیکشن سے پہلے افغانستان گیا جہاں سرحدی و دیگر تمام امور پر کامیاب مذاکرات کیے، لڑیں گے، تنقید کریں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے لیکن ملک کو ضرورت پڑی تو اپنا کردار نبھائیں گے۔

جے یوآئی کے سربراہ نے سوال کیا حکومت کے پاس فیصلوں کا اختیار ہے؟ کیا صلاحیت ہے فیصلہ کرنے کی یا اپوزیشن کو اعتماد میں لےکر پارلیمان خود بات چیت کرے اور ملک کے اندر اضطراب کو ختم کرے، پراکسی جنگ مفادات میں نہیں، عالمی قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

دریں اثنا قومی اسمبلی میںحکومتی واپوزیشن جماعتیںآئی پی پیز کےخلاف یک زباں ہوگئیں، معاملے کے جائزے کےلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز دے دی،اپوزیشن رکن علی خان نے آئی پی پی پیز کی کارکردگی ،معاہدوں کا جائزہ لینے کےلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا آئی پی پیز نے عوام کا خون نچوڑ لیا، آئی پی پیز کی دلدل میں پاکستان ڈوب چکا ،آدھی سے زیادہ بجلی بن نہیں رہی، پیسے دے رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے تجویز دی تمام جماعتوں کو اکٹھا بٹھا کر طریقہ کار طے کرلیں،حنیف عباسی نے وزراءکی غیرحاضری پر سوال اٹھاتے ہوئے آئی پی پیز مالکان کو بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاآئی پی پیز کا مسئلہ کتنا مشکل ہے جس نے پورے ملک کو گھیرے میں لیا ہوا ہے، سنا ہے بند پلانٹ ہے وہ کروڑوں اربوں لے رہا ہے یہ کون لوگ ہیں جو اربوں میں پیسے لے رہے ہیں ان لوگوں کو بلائیں ان سے پوچھیں اگر نہیں مانتے تو کارروائی کریں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویزاشرف نے آئی پی پیز، بجلی اور گیس معاملات کے حل کےلئے فل ہاﺅس کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا پورے ہاوس کی کمیٹی تشکیل دی جائے ،آئی پی پیز پر بحث ہو، بہت گھمبیر کرائسز ہے ،ابہام دور ہونے چاہئیں۔