کہوٹہ،مکران میں ٹریفک حادثات،خواتین سمیت 42افراد جاں بحق،متعدد زخمی

راولپنڈی،کہوٹہ،لسبیلہ ،اوتھل،اسلام آباد :(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)کہوٹہ،مکران میں المناک ٹریفک حادثات،42افراد جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے۔

متاثرہ بس راولپنڈی سے راولاکوٹ جا رہی تھی کہوٹہ کے علاقے سون گراری پل کے مقام پرگہری کھائی میں جاگر ی،4خواتین،بچے سمیت 29مسافر جان کی بازی ہار گئے،ایک زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے،پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت میتوں و زخمی کو بس سے نکالا۔

اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ نے کہا تمام افراد عرس میں شرکت کیلئے جار ہے تھے،حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا،17 افراد کی میتیں آبائی علاقوں کو بھیج دیں۔

دوسری جانب پاکستان سے ایران جانے والی زائرین کی ایک اور بس مکران میں حادثے کا شکار ہونے سے 13افراد جاں بحق،35سے زائد زخمی ہوگئے،بس تیز رفتاری کے باعث بریک ہونے پر کھائی میں گری،زخمیوں و جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ۔

پولیس حکام کے مطابق زائرین کا تعلق لاہور،گوجرانوالہ سے ہے،حادثہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا جو اتھل سے تقریباً 100 کلومیٹر (62 میل) اور ایران کے سرحدی شہر پشین سے 500 کلومیٹر دور ہے۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے حادثات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاحادثات میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر دلی دکھ پہنچا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابرشریک ہیں،صدر،وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔