عمران سیاسی حقیقت ،غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا بند کیے جائیں:شاہ محمود قریشی

راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) سابق وزیر خارجہ ورہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے 75 برسوں سے غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں،ایک دوسرے کو غدار غدار کہنا بند ہونا چاہیے۔

کوٹ لکھپت جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کسی کو برا لگے یا اچھا عمران خان سیاسی حقیقت ہیں، بانی پی ٹی آئی کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیرسیاسی استحکام نہیں آ سکتا، نواب اکبر بگٹی کےساتھ ظلم تھا، وہ پاکستان مخالف نہیں تھے،ایک دوسرے کو غدار غدار کہنا بند ہونا چاہیے۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا 40 سال سے سیاست کررہا ہوں اور 39 سالوں تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، ایک سال میں درجنوں مقدمات بنا دئیے گئے، محمود اچکزئی ڈیموکریٹ ہیں،جمہوری اور آئینی سوچ رکھنے والا غدار نہیں ہوسکتا، بلوچستان میں امن کا راستہ مذاکرات سے ہو کر گزرتا ہے،پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب تھانہ شادمان جلاو گھیراو سمیت 5 مقدمات پر کوٹ لکھپت جیل ٹرائل کے دوران شاہ محمود قریشی نے قرآن مجید کے حلف پر کیس کا فیصلہ کرنے کی استدعا کر دی،شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کےخلاف کیسز کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی،دوران سماعت شاہ محمود قریشی روسٹرم پر آئے اور 9 مئی مقدمات میں قرآن مجید پر حلف کی استدعا کردی،شاہ محمود قریشی نے کہا عدالت میرا اور پراسکیوشن کا قرآن مجید پر حلف لے لے، ثبوت اور گواہوں کو چھوڑیں اب بات قرآن مجید کے حلف پر ہوگی،شاہ محمود قریشی ،عمر چیمہ ،اعجاز چودھری سمیت دیگر نے ڈاکٹر یاسمین کی ضمانتوں پر فیصلہ کرنے کی استدعا بھی کی،پی ٹی آئی رہنماوں نے جج سے مکالمے میں کہا ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہیں، اپنی ضمانتیں واپس لے لیتے ہیں آپ یاسمین راشد کی ضمانتوں پر فیصلہ کر دیں،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے کہا مقدمے کا ریکارڈ منگوایا ہے تاہم ڈاکٹر یاسمین راشد نے صرف میری نہیں سب دوستوں کی ضمانتیں ہونی چاہئیں، میرٹ پر ضمانت بنتی ہے اگر جیل میں مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دارعدالت ہو گی۔