بجلی مزید 2.56 روپے یونٹ مہنگی، عوام کو فوری ریلیف کیلئے 15 آئی پی پیز کیساتھ معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور جھٹکا، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نو ٹیفکیشن کے مطابق بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جون کی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا،سی پی پی اے نے 2 روپے 63 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا،نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا جس کا اطلاق صرف ایک ماہ کیلئے ہوگا، بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔دوسری طرف حکومت نے 15 آئی پی پیز کمپنیوں کےساتھ معاہدوں پر نظرثانی کا فیصلہ کرتے ہوئے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا،ذرائع کے مطابق حکومت نے مہنگی بجلی سے ستائے عوام کو ریلیف کیلئے اقدامات شروع کر دیئے، وزیر توانائی اویس لغاری کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس نے فریم ورک کو حتمی شکل دےدی، حکومت نے 15 آئی پی پیز کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 90 کی دہائی میں قائم 6 آئی پی پیز کمپنیوں کے ساتھ معاہدے فوری ختم کیے جائیں گے اور 9 آئی پی پیز سے معاہدہ مرحلہ وار بنیادوں پر ختم کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق گل احمد انرجی لمیٹڈ، کوہ نور انرجی، لبرٹی پاور پروجیکٹ، ٹپال انرجی لمیٹڈ، اٹک جنریشن اور کیپ کو کےساتھ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے مذکورہ آئی پی پیز کمپنیوں کےساتھ معاہدوں میں توسیع نہیں ہوگی،حکومتی ذرائع کے مطابق لال پیر، پاک جین، فوجی کبیر والا پاور، حبیب اللہ کوسٹل، جاپان پاور جنریشن، صبا پاور، حب کو، سدرن الیکٹریک پاور، روش پاور کے ساتھ بھی معاہدے مرحلہ وار ختم ہوں گے،ذرائع کے مطابق 90 کی دہائی میں لگنے والی آئی پی پیز کےساتھ معاہدے آئندہ 3 سے 5 سال میں مرحلہ وار بنیادوں پر ختم کیے جائیں گے،دریں اثنا 201 سے زائد یونٹ کے صارفین کےلئے بھی فریم ورک تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق 201سے زائد یونٹ صارفین کو 6 ماہ تک اسی سلیب میں رکھنے کی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے،201سے اوپر یونٹ کے صارفین کےلئے خصوصی سلیب رکھے جائیں گے، 201سے زیادہ یونٹ والے بجلی صارفین کےلئے 26روپے فی یونٹ سلیب مقرر کرنے پرغور کیا جا رہا ہے،وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا ہے شعبہ توانائی معیشت کےلئے اہم ہے، اس میں اصلاحات کررہے ہیں اور ان اصلاحات پر عمل بھی یقینی بنائیں گے، اصلاحات پرعمل درآمد کےلئے کوآرڈی نیشن ضروری ہے، قومی ٹاسک فورس شعبہ توانائی میں اصلاحات پر کام کرے گی، 20 نکاتی اصلاحات کاآغاز ہوچکاہے، جتنا جلد معاملات کو ٹھیک کریں گے اتنی ہی جلد معیشت پٹڑی پرچڑھے گی۔