اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت نے بجلی کی قیمت میں کمی کیلئے مہنگے پاور پلانٹس کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا،پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے وفاقی وزیر برائے بجلی سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کی جس میں کراچی کے بجلی کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی،اعلامیہ کے مطابق وفد کے اراکین کو پاورسیکٹر میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا وفاقی حکومت بجلی کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،اعلامیہ میں کہا گیا ہے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے مہنگے پاور پلانٹس کو ریٹائر کیا جائے گا اور درآمد کوئلے پر چلنے و الے پلانٹس کو مقامی کوئلے پرمنتقل کیا جائے گا دریں اثنا پاور جنریشن پالیسی 1994 کو غیر آئینی قرار دینے کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی،لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر اسد منظور بٹ نے آرٹیکل 184(3) کے تحت درخواست دائر کی جس میں وفاق، وزارت پانی و بجلی، وزارت توانائی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں موقف اپنایا آئی پی پیز کے ساتھ یکطرفہ معاہدے غیر شفاف، غیر قانونی اور غیر اسلامی ہیں جبکہ مہنگی بجلی آرٹیکل 18 کی خلاف ورزی ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے مہنگے پاور پلانٹس ختم کرنے کا پلان تیار



















