دوحہ،اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)الوداع!اسماعیل ہنیہ،حماس کے شہید سربراہ آہوں،سسکیوں کےساتھ دوحہ میں سپرد خاک،شہاد ت پر پورا پاکستان، عالم اسلام اشکبار،ملک بھر میں یوم سوگ،قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور،شہر شہر غائبانہ نماز جنازہ،احتجاج،مظاہرے،ریلیاں نکالی گئیں۔
اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ قطر کے دارالحکومت دوحہ کی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی،الوسیل کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا،نماز جنازہ میںلوگوں کاسیلاب امڈ آیا،امیر قطر،ترک وزیر خارجہ ،الفتح کے وفد،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سمیت مختلف ممالک کے رہنماﺅں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
سوگواروں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے ،فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور کلمہ شہادت سے گونجتی رہی ،شرکا نے فخر اسلام کی میت کو کاندھوں پر اٹھائے تمام راستے نم آنکھوں کےساتھ امت مسلمہ کے عروج اور فلسطین کو صیہونی ریاست کے شکنجے سے آزادی دلانے میں اپنی جان قربان کرنےوالے اسماعیل ہنیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا،اسماعیل ہنیہ کے جسد خاکی کو قبر میں اتارا گیا تو فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی اور شرکا ایک دوسرے سے گلے لگ کر رونے لگے، فلسطینی پرچم ہوا میں سربلند و لہراتا رہا،دعائے مغفرت میں فلسطین کی آزادی ،صیہونی ریاست کے خاتمے کی دعا بھی کی گئی،جدوجہد آزادی فلسطین کے عزم کےساتھ عظیم رہنما کا سفر آخر تمام ہوا،اسماعیل ہنیہ کے محافظ کو بھی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔
ادھر پاکستان میں سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا گیا، پارلیمنٹ ہاوس سمیت شہر شہر اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ،پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہونےوالی نماز جنازہ میںوزیراعظم شہباز شریف، اتحادی جماعتوں کے قائدین، اپوزیشن رہنما بھی شریک ہوئے، اسماعیل ہنیہ کی روح کے ایصال ثواب ،فلسطین کی آزادی ، فلسطینی عوام کو درپیش مسائل کے خاتمے اور امت مسلمہ کی یکجہتی کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔
علاوہ ازیں لاہور ،کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی،دریں اثنا قومی اسمبلی نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کےخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ،اسحاق ڈار نے قرارداد میں موقف اپنایا اسرائیلی مظالم سے 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مخالفت کرتا ،ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد ،فلسطینی بھائیوں کی حمایت کا اظہار کرتا ہے،غزہ میں فوری سیز فائر ہونا چاہیے،جمشید دستی نے فلسطین زندہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے، بعد ازاں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کےلئے دعائے مغفرت کی گئی، مولانا مصباح الدین نے دعائے مغفرت کرائی۔
ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان سمیت پورا عالم اسلام اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر اشکبار ہے، متفقہ قرارداد پاس کرنے پر اپوزیشن سمیت تمام اراکین کا شکر گزار ہوں، اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے امن کوششوں کو بڑا دھچکا ، پاکستان اہلخانہ اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے،مسئلہ فلسطین پر آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا، فلسطین مقتل بن چکا ،کھلم کھلا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، ہزاروں شہیدوں کا لہو انصاف کو پکار رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا فلسطین میں جاری مظالم انسانی حقوق کا سوال ہے، عالمی قوانین پر عمل نہ ہونے سے فلسطین میں ظلم کا بازار گرم ہے،40ہزار سے زائد فلسطینی شہید کیے جاچکے ، بستیوں کی بستیاں قبرستان بن گئیںجن گلیوں میں بچے کھیلتے تھے وہاں چیخوں کی آوازیں ہیں، ہر طرف بکھرا خون انسانیت کی روح کو جھنجھوڑ کر انصاف طلب کر رہا ہے ظلم کب ختم ہو گا، عالمی ضمیر مجرم کی طرح کٹہرے میں کھڑا ہے،پاکستان فلسطین کی امداد جاری رکھے گا، فلسطینی زخمیوں، میڈیکل طلبہ کو پاکستان لایا جائےگا، زخمی فلسطینی بہن بھائیوں کوعلاج کےلئے پاکستان لانے کا انتظام کریں گے۔
وزیراعظم نے کہافلسطین میں صہیونی ریاست انسانیت کےخلاف جرائم کی ہر حد پار کر چکی ،نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے، او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنایا جائے، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ، اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل کی قراردادیں، جنیوا کنونشن اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے اعلامیے، دنیا بھر کی طرف سے جنگ بندی کی اپیلیں اور سب کچھ ہی بارود کی نذر ہو چکا ، دنیا پر بے حسی اور بارود کا راج ہے، دنیا کے امن و ترقی کو خطرہ ہے، عالمی ادارے اور دنیا نوٹس لے۔
شہبازشریف نے کہاایوان کی بھرپور آواز دنیا میں گونجے گی ،دشمنان پاکستان کے دل ہلیں گے اور پاکستان کے دوستوں کو تقویت ملے گی، دنیا بالخصوص اسلامی دنیا میں شدید غم و غصے کا لاوہ ابل رہا ہے اگر انصاف کے تقاضے پورے نہ کئے گئے اور بے گناہ انسانوں کے قتل عام کی مرتکب ریاست کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو عوامی غیض و غضب کے لاوے کو روکنا پھر کسی کے بس کی بات نہیں ہو گی، پوری دنیا کا امن و ترقی بھسم ہو جانے کا خطرہ موجود ہے،کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا قرارادوں سے کچھ نہیں ہوگا، دیکھناہوگا کیا اسرائیل زیادہ مضبوط ہے یا مسلم دنیا کمزور ہے؟میرے خیال میں مسلم دنیا زیادہ کمزور ہے، اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں بھی غیر مسلم ممالک لے کر گئے، اسرائیل کے سامنے پوری مسلم دنیا کمزور نظر آرہی ہے، عالم اسلام اسرائیل کو منہ توڑ جواب نہیں دے سکا،او آئی سی کانفرنس نہ بلانا موجودہ حکومت کی ناکامی ہے، اسرائیلی مظالم کی جنتی مذمت کی جائے کم ہے۔
قبل ازیں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مظلوم فلسطینیوں کےساتھ اظہار یکجہتی ،اسماعیل ہنیہ کے قتل پر اسرائیل کیخلاف مذمتی قرارداد منظورکی گئی،خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاعالمی اداروں کا فلسطین و غزہ کی صورتحال پر ضمیر جاگنا چاہیے ،تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت سفاکی کا بدترین واقعہ ہے،اتحادی جماعتوں کےساتھ میٹنگ میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے واقعہ کی بھرپور مذمت کی، پاکستان ، چین ،روس سمیت تمام ممالک نے مذمت کی،فلسطین ،غزہ میں دن رات بدترین تباہی ہورہی ہے،دنیا کو جاگنا ہوگا۔
دوسری جانب ملک بھر میں احتجاج،مظاہرے،ریلیاں نکالی گئیں، کراچی سے خیبر تک علما و مشائخ ، آئمہ و خطبا نے مظلوم فلسطینی عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے حماس کے سربراہ کو ٹارگٹ کرکے اسرائیل نے امن کوششوں پر خود کش حملہ کیا ،تہران میں حملہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے،اقوام متحدہ ، او آئی سی اور عالمی ادارے صیہونی حکومت کے فلسطین کےخلاف انسانیت سوز جرائم کا محاسبہ کریں اور فلسطین کو جلد از جلد اقوام متحدہ کا مکمل رکن تسلیم کیا جائے۔
الوداع! ہنیہ، پورا پاکستان،عالم اسلام اشکبار،یوم سوگ،قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور،شہر شہر غائبانہ نماز جنازہ



















