39اراکین اسمبلی پی ٹی آئی ممبر تسلیم،الیکشن کمیشن کا41 آزاد ممبران کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عدالتی فیصلے پر جزوی عملدرآمد،39اراکین اسمبلی پی ٹی آئی ممبر تسلیم،41 آزاد ممبران کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیاگیا۔

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی میں پی ٹی آئی سے وابستگی کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے 39 ایم این ایز کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر جاری کر دیا ،نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے 12 جولائی فیصلے کے تحت جاری کیا گیا ۔

قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں عدالتی فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی کے 39 اراکین کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ ہوا،قانونی ٹیم نے الیکشن کمیشن کو فیصلے پر قانونی ابہام پر بریفنگ دی۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں امجد علی ، سلیم رحمان، سہیل سلطان، بشیر خان، محبوب شاہ، جنید اکبر، علی جدون، اسد قیصر، شہرام خان، مجاہد علی، انور تاج، فضل محمود خان، ارباب امیر ایوب،شاندانہ گلزار، شیر علی ارباب، آصف خان، سید شاہ، احد علی شاہ، شاہد خان، نسیم علی شاہ، شیر افضل مروت، اسامہ احمد، شفقت عباس، علی افضل ساہی، رائے حیدر علی خان اور نثار احمد کو پی ٹی آئی کا کامیاب امیدوار قرار دیا گیا۔

رانا عاطف، چنگیز احمد خان، علی سرفراز، خرم شہزاد ورک، لطیف کھوسہ، رائے حسن نواز خان، عامر ڈوگر، زین قریشی، رانا فراز نون، ممتاز مصطفی، شبیر علی قریشی، عنبر مجید، اویس حیدر اور زرتاج گل بھی ممبران تسلیم کیے جانے والوں میں شامل ہیں۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے 41 آزاد اراکین قومی اسمبلی کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا،دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا41آزادممبرا ن نے پارٹی وابستگی کی دستاویزات جمع کرادیں، دستاویزات جمع کرانے والے ممبران نے لکھا وابستگی تحریک انصاف کنفرم کرے گی،الیکشن کمیشن ریکارڈ میں پی ٹی آئی کا کوئی پارٹی سٹرکچر نہیں ،بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی میں آزاداراکین کی پارٹی وابستگی کون کنفرم کرےگا؟،بیرسٹرگوہر الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں پارٹی چیئرمین نہیں ، سپریم کورٹ معاملے پر رہنمائی کرے۔

سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا،ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی ہماری نظر میں کوئی ادارہ ہی نہیں، ابھی تک انٹراپارٹی انتخابات ہی نہیں کرائے، پارٹی ڈھانچہ بھی موجود نہیں ،عدالت رہنمائی کرے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی اتھارٹی کون ہے؟۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں خواتین کو 5 فیصد نشستیں نہ دینے کے معاملے پر 7 سیاسی جماعتوں کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا،ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 اراکین الیکشن کمیشن نے درخواست پر سماعت کی، جماعت اسلامی،عوامی نیشنل پارٹی،جمعیت علما اسلام پاکستان امام نورانی،پاکستان عوامی تحریک، پاکستان راہ حق،جمعیت علما اسلام ایس کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا۔

حکام نے کہا جنرل نشست پر 5فیصد ٹکٹ خواتین امیدوار کو نہ دینے پر سیاسی جماعت کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائےگا،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا خواتین کوجنرل نشست پر 5فیصد کا کوٹہ دیا تھا یا نہیں، عملدرآمد رپورٹ پیش کریں اگر خواتین کو کوٹہ نہیں دیا گیا تو کیوں نہیں دیا گیا، خواتین امیدواروں کو اکثر ٹکٹ ایسے حلقے سے دی جاتی ہے جہاں پارٹی کا ووٹ نہیں ہوتا،10جماعتوں نے خواتین کو 5فیصد جنرل نشست پر کوٹہ دینے پر عملدرمد نہیں کیا اگر 5فیصد ٹکٹ خواتین کو نہیں دی جاتیں تو کیا اثرات ہوں گے۔

بی این پی مینگل کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور استدعا کی 2 ہفتوں کی مہلت دی جائے، ٹی ایل پی کے وکیل نے بھی جواب جمع کرانے کےلئے مہلت مانگ لی،حکام نے کہا الیکشن ایکٹ میں خواتین کو 5فیصد جنرل نشست پر ٹکٹ کا کوٹہ دینے کے معاملے پر لفظ پارلیمنٹ ،صوبائی اسمبلیاں استعمال کیا گیا،کیس کی مزید سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔