اسلام آباد: (بیورورپورٹ) دفتر خارجہ نے کہا ہے افغان سرحد پر ون ڈاکیومنٹ رجیم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، عمران خان سے امریکی سفیر کی ممکنہ ملاقات درخواست کو قانون کے تحت دیکھیں گے،کسی بھی غیر ملکی کو بغیر دستاویزات پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے،جرمنی نے قونصل خانے پر حملے سے معذرت کر لی،ذمہ داروں کی شہریت پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ممتاز زہر ہ بلوچ نے کہایقین رکھتے ہیں بیرون ملک سے کسی بھی قسم کا تبصرہ بلا ضرورت، ناقابل قبول اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، پاکستان کا موقف غزہ جنگ پر واضح ہے، وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں جنگی جرائم کےخلاف قرارداد بھی منظور کی گئی، آنے والے دنوں میں غزہ میں ایک اور امدادی کھیپ بھجوانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، فلسطینیوں کے محاصرے کے باعث خوراک و امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ہیں، پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو نے 22سے 25جولائی پاکستان کا دورہ کیا، دورے میں ترکمانستان کے وزیر خارجہ میریدوو نے صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی تفصیلی بات چیت کی ، ملاقاتوں میں تاپی منصوبے،تاپ بجلی ترسیلی لائن منصوبے سمیت روابط کے دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔
ترجمان نے کہا ای سی او کے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، وہ اپنے الوداعی دورے پر پاکستان پہنچے، ان کی مدت اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے، سابق سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان آئندہ 3سال کےلئے ان کی جگہ لیں گے، ای سی او کے سیکرٹری جنرل سے افغانستان، کشمیر سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی گئی،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا وزیراعظم شہبازشریف 30جولائی کو تہران کا دورہ کریں گے، وزیراعظم نومنتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
عمران ،امریکی سفیر کی ملاقات درخواست قانون کے تحت دیکھیں گے: دفتر خارجہ



















