فتح،حماس سمیت تمام دھڑے متحد،عارضی قومی مصالحتی حکومت قائم کرنے پر اتفاق

بیجنگ:(مشرق نیوز)چین کی ثالثی کامیاب،فتح،حماس سمیت تمام دھڑے متحد،عارضی قومی مصالحتی حکومت قائم کرنے پر اتفاق، باہمی اختلافات ختم کرکے ایک دوسرے سے تعاون کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے گئے،چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے معاہدے کی باضابطہ تصدیق کر دی۔

مصالحتی اجلاس میں فلسطین بھر سے 14 دھڑوں نے شرکت کی، اجلاس میں شریک تمام فلسطینی دھڑوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی، اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اور امدادی کارروائیوں سمیت تعمیر نو پر اتفاق کیا گیا،معاہدے میں فلسطینی علاقوں میں عارضی قومی مصالحتی حکومت قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا، عارضی قومی مصالحتی حکومت جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ پٹی اور مغربی کنارے کا انتظام سنبھالے گی، قومی مصالحتی حکومت تمام 14 دھڑوں پر مشتمل ہوگی اور تب تک قائم رہے گی جب تک نئے انتخابات نہیں ہوجاتے۔

معاہدے کے مطابق آزادانہ اور جمہوری انتخابات کے بعد ایک نئی ایک فلسطین نیشنل کونسل بنائی جائے گی،تمام دھڑوں نے 1967 کی مشرق وسطیٰ جنگ سے قبل موجود سرحدوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کا عزم کیا،معاہدے کی تفصیلات میں نئی عبوری حکومت کی تشکیل کےلئے ٹائم فریم کا تعین نہیں کیا گیا،چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا فلسطینی دھڑے اندرونی مفاہمت کی بنیاد پر جلد از جلد فلسطین کی آزادی حاصل کر لیں گے،دوسری جانب اسرائیل نے فلسطینی دھڑوں کے درمیان معاہدے کو مسترد کر کرتے ہوئے کہا حماس کو کچل دیا جائے گا۔