ٹرمپ درندہ صفت اور دھوکے باز شخص ہے: کملا ،نینسی نے بھی نامزدگی کی حمایت کردی

واشنگٹن (خواجہ فاروق) امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو درندہ صفت اور دھوکے باز شخص سے تشبیہ دیدی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کملا ہیرس نے کہا کہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کسی جرم میں سزا پانے والے پہلے امریکی رہنما ہیں۔ کملا ہیرس نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت کے بارے میں جانتی ہوں، ماضی میں بطور پراسیکیوٹر ہر قسم کے مجرموں کے خلاف کارروائی کی،ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے درندوں کے خلاف بھی کارروائی کی۔دوسری جانب امریکی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا ہے کہ کملا ہیرس نے ڈیموکریٹک نامزدگی جیتنے کیلئے درکار 75 فیصد ڈیلی گیٹس کی حمایت حاصل کرلی ہے۔ دوسری طرف امریکی ایوان نمائندگان کی سابق سپیکر اور ڈیموکریٹک رہنما نینسی پیلوسی نے نائب صدر کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صدر جو بائیڈن کی جگہ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کے طور پردوبارہ اپنی انتخابی مہم شروع کریں۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ آج ہمارے ملک کے مستقبل کیلئے بڑے فخر اور بے پناہ امید کے ساتھ وہ نائب صدر کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار تائید کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا میں ان کے ساتھی ڈیموکریٹ کملا ہیرس کی حمایت کرتے ہیں۔نینسی پیلوسی نے کہا کہ سیاسی طور پر کوئی غلطی ہر گز نہ کریں۔ کملا ہیرس سیاست میں ایک خاتون کے طور پر بہت ہوشیار ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ نومبر میں ہمیں فتح کی طرف لے جائیں گی۔ کملا ہیرس اس سے قبل کیلیفورنیا کے ریاستی سینیٹر اور ریاستی اٹارنی جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ علاوہ ازیں امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے سپورٹرز سے نائب صدر کملا ہیرس کی مکمل حمایت کا مطالبہ کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے بیان میں صدر جوبائیڈن نے کہا صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کا میرا فیصلہ بالکل درست تھا،جانتا ہوں صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کی خبر آپ سب کےلئے حیران کن تھی۔ دریں اثناءامریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنی انتخابی مہم کے آغاز پر ہی ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ولیمنگٹن ڈیلاویئر میں واقع ہیڈکوارٹر میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کملا ہیرس نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے سخت الفاظ استعمال کئے۔ صدر جو بائیڈن کے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد نامزدگی حاصل کرنے والی کملا ہیرس نے الیکشن میں ڈیموکریٹس کی جیت کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔