امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلاجیکسن چل بسیں

ٹیکساس ،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی چل بسیں،عمر 74برس ،طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھیں،شیلا جیکسن لی کو قومی و بین الاقوامی انسان دوست، انصاف اور انسانی حقوق خصوصا خواتین و بچوں کےلئے جرات مندانہ کوششوں کی وجہ سے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔

مرحومہ1995سے کانگریس رکن کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہی تھیں،امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن بھی تھیں ، شیلا جیکسن سیلاب،زلزلے سمیت ہرناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں،2022میں حکومت پاکستان کی جانب سے خدمات کے عوض ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا،سوگواروں میں شوہر، 2بچے اور 2پوتے پوتیاں چھوڑیں۔

دوسری جانب صدرزرداری،وزیراعظم شہبازشریف ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے شیلا جیکسن کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان ،امریکہ کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کےلئے کردار برسوں یاد رکھا جائے گا،شیلا جیکسن نے خواتین ،بچوں سمیت انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھائی ،پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران کوششیں ناقابل فراموش ہیں، حقوق انسانی و خواتین کے حقوق کی چیمپیئن شیلا جیکسن کی میراث رہنمائی کرتی رہے گی۔