چیئرمین پی اے سی کا انتخاب، حکومت اور سنی اتحاد کونسل میں ڈیڈ لاک برقرار

اسلام آباد (مشرق نیوز) پارلیمانی پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب کے معاملے پر حکومت اور سنی اتحاد کونسل میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل نے حکومتی مطالبے کے باوجود چیئرمین پی اے سی کیلئے چار ناموں پر مشتمل پینل حکومت کو نہ بھجوایا جبکہ حکومت نے ایک بار پھر سنی اتحاد کونسل کو چار نام دینے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کو ہی چیئرمین پی اے سی بنانے کیلئے بضد ہے جبکہ حکومتی چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے سنی اتحاد کونسل کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کو خط لکھ کر چیئرمین پی اے سی کیلئے چار نام مانگے تھے تاہم حکومت چیئرمین پی اے سی کا منصب سنی اتحاد کونسل کو دینے کے فیصلہ پر قائم ہے۔

حکومتی چیف وہپ طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو یہ منصب چاہیے تو چار نام فراہم کرنا ہوں گے، چار نام فراہم کرنے کے لیے سنی اتحاد کونسل کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کو دوبارہ خط لکھوں گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ تحریک انصاف والے ایک ہی نام پر اصرار کررہے ہیں اسلئے چیئرمین کے انتخاب میں تاخیر ہورہی ہے۔