پی ٹی آئی پر پابندی کافیصلہ حتمی نہیں،مشاورت کرینگے:وفاقی وزرا

لاہور،سیالکوٹ(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہاہے پی ٹی آئی پر پابندی کافیصلہ ابھی حتمی نہیں،معاملے پر اتحادیوں سے مشاورت کرینگے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے داتا دربار مزار کے غسل کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاپی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ابھی حتمی نہیں،معاملے پر سیاسی جماعتوں ،اتحادیوں سے مشاورت کریں گے،قانون و آئین کےخلاف کوئی سیاسی فیصلہ نہیں کیا جائےگا،پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ لینے والی جماعت ہے ،یہودیوں ،عیسائیوں نے بھی فنڈز دئیے ، تمام ثبوت موجود ہیں ،پی ٹی آئی فارن فنڈڈ جماعت ہے، پابندی لگانے کےلئے آئینی و قانونی پہلو مد نظر رکھے جائیں گے، ملکی سلامتی و استحکام کو مقدم رکھنا چاہیے جو ملکی سلامتی کےخلاف ہو اسے قانون و آئین کے تحت سزا ہونی چاہیے۔

اسحاق ڈار نے کہان لیگ کی حکومت مہنگائی نہیں لائی ، نوازشریف کو نکال کر ملک کی بری حالت کی گئی،پی ٹی آئی 6 سے 7 ماہ میں ملک ڈیفالٹ کرکے چلتی بنی ، 2018 میں کروڑوں روپے لگاکر الیکشن چوری کرکے ایک شخص کو اقتدار پر بٹھایا گیا، پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت 24 سے 47 ویں نمبر تک پہنچی ، ن لیگ کو حکومت کا شوق نہیں تھا اگر اقتدار میں نہ آتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔

نائب وزیراعظم نے کہا شہبازشریف اور ٹیم نے ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا، پی ٹی آئی کےخلاف ای سی پی کے پاس فارن فنڈنگ کے ثبوت ہیں، حقیقت کوئی جھٹلا نہیں سکتا، الیکشن کمیشن نے اعلان کیا پی ٹی آئی فارن فنڈنگ جماعت ہے، 9واقعات قابل قبول نہیں،ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، پاکستان کو کچھ نہیں ہونا ،دوبارہ ابھرنا ہے، پاکستان نوازشریف کے دور سے ایٹمی قوت ہے، جلد مہنگائی کے بھنور سے نکلیں گے، معیشت بحال ہوگی۔

اسحاق ڈار نے مزید کہابہت کچھ ہوسکتا تھا لیکن قانون و آئین کے مطابق معاملات آگے لےکر چلیں گے، سیاسی مفاہمت ہوسکتی ہے، ساری زندگی مفاہمت کرتا رہا ہوں، نوازشریف کی ہدایت پر پی ٹی آئی دھرنوں میں جاکر مفاہمت کی بات کرتا رہا۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پی ٹی آئی پر پابندی کےلئے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، پی ٹی آئی کا مقصد صرف اور صرف اقتدار ہے،کیا عزت ایک ادارے کی ہے باقی سارے بے آبرو ہیں؟،کوئی ادارہ ملکی سالمیت سے ماورا نہیں ،پی ٹی آئی کی خاتون رکن کہتی ہیں خان نہیں تو پاکستان نہیں یہی پی ٹی آئی کی سیاست کا اصول ہے، میرے نزدیک ملک سب سے اہم ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، سیاسی قائدین ہیں، ملک کے بغیر ذاتی زندگی کوئی معنی نہیں رکھتی۔

خواجہ آصف نے کہاعدالتوں کا احترام کرتا ہوں لیکن عدالتوں کو بھی چاہیے وہ اپنا احترام کرائیں اور سیاستدانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھا جائے،آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف آرٹیکل 6 لگتا ہے اور آرٹیکل 6 کی کارروائی ضرور ہونی چاہیے، توہین عدالت کی کارروائی ہمیشہ سیاستدانوں کےخلاف ہوئی، ایک ادارہ 26 لاکھ کیسز کا فیصلہ نہیں کرتا توکیا توہین نہیں کرتا؟۔

وزیر دفاع نے کہا2018کے الیکشن رزلٹ کسی کو نظر نہیں آئے، تب عدلیہ نے کیوں نوٹس نہیں لیا؟ عدالتی نظام 9 مئی واقعات میں ملوث ملزموں کو تحفظ دے رہا ہے، آئین سے ماورا فیصلے دینے پر کسی ایک جج پر توہین عدالت لگی ؟ ججوں کو قبروں سے نکالیں اور ٹرائل کریں، آئین میں کہیں نہیں لکھا کسی ادارے کی عزت زیادہ اور کسی کی کم ہے،کوئی دن ایسا نہیں جاتا جس دن شہادتیں نہ ہوتی ہوں، سب سے زیادہ دہشت گردی خیبرپختونخوا میں ہورہی ہے مگر وہاں کی حکومت کہہ رہی ہے آپریشن میں حصہ نہیں لے گی۔

خواجہ آصف نے کہاشہباز شریف نے مذاکراتی پیشکش کی جس پروہ کہتے ہیں آرمی چیف کےساتھ مذاکرات کریں گے، بانی پی ٹی آئی زرداری صاحب کےلئے کیا کہتے ہیں اب اشاروں پر چلنے لگ پڑے ہیں، آئین سازی سیاستدانوں کا حق ہے ،غصب نہیں ہونے دیں گے،جب نواز شریف پر ظلم ہوا تو جج صاحبان کے ضمیرنہیںجاگے؟ سائل بن کے عدالتوں میں جاتے رہے مگر انصاف نہیں ملا، عدلیہ موسم نہیں،آئین و قانون کے تابع ہوتی ہے اب آئین دوبارہ لکھنا شروع کردیا ،امریکہ سے درخواست ہے غزہ کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرے وہاں بچے مارے جارہے ہیں۔