نیلم جہلم پراجیکٹ میں خرابیاں،ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،شہباز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نیلم جہلم پاور پراجیکٹ میں خرابیوں کی نشان دہی، وزیراعظم نے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اتنے بڑے اور اہم منصوبے میں مجرمانہ غفلت برتنا بد قسمتی ہے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پراہم اجلاس ہوا ،پراجیکٹ میں پیدا ہونےوالی حالیہ خرابی کی تحقیقات کرنےوالی کمیٹی کے سربراہ سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی جانب سے ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی،اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی دائیں و بائیں ہیڈ ریس ٹنل میں 29 اپریل 2024 کو فشار میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی اور 2 مئی 2024 کو پاور پلانٹ سے پیداوار مکمل بند ہوگئی،منصوبے کی بندش سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے جس جگہ موجودہ خرابی پیدا ہوئی وہ راک برسٹ زون ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا پی ٹی آئی دور حکومت کے دوران 2021 میں بھی ہیڈ ریس ٹنل میں فشار میں غیر معمولی کمی کے باعث منصوبے سے بجلی کی پیداوار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی لیکن غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز کرتے ہوئے معاملے کو جان بوجھ کر دبا دیا گیا،مجرمانہ غفلت سے نقصان میں اضافہ ہوتا رہا ،2022 میں منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل میں خرابی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار معطل ہوئی،نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر پر جیو فزیکل اور سیسمک عوامل کو نظر انداز کیا گیا، ہیڈ ریس ٹنل کی مناسب کنکریٹ لائننگ نہیں کی گئی ،منصوبے کی بر وقت تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی نہیں کرائی گئی۔

وزیراعظم نے تحقیقاتی رپورٹ فوری طور پر مکمل کرنے اور خرابیوں کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاماہرین نے نشاندہی کی ڈیزائن میں خرابیاں ہے، کنکریٹ لائننگ نہیں کی گئی، کس قدر بد قسمتی ہے اتنے بڑے اور اہم منصوبے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی ،تفصیلی جیولوجیکل سروے کیوں نہیں کرایا گیا،وزیراعظم نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دوبارہ فعال کرنے کیلئے فوری کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔