200 یونٹس تک بجلی صارفین کیلئے رعایت،آئی ایم ایف معاہدہ ملک کی مجبوری اور کوئی چارہ نہیں تھا:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف کا بڑا اقدام،200 یونٹس تک بجلی صارفین کیلئے3 ماہ رعایت اعلان کردیا۔

پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنےوالے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ لاگو نہیں ہوگا،غریب و متوسط طبقے کے ریلیف کےلئے ترقیاتی بجٹ سے نکال کر 50 ارب کی خطیر رقم مختص کردی، پیکیج کے تحت 94 فیصد گھریلو صارفین کو ریلیف دیا جاسکے گا۔

شہباز شریف نے کہاگرمیوں کے 3ماہ جولائی، اگست اور ستمبرمیں خصوصی ریلیف دینگے،فیصلے سے تقریبا 2کروڑ 60لاکھ بجلی صارفین کو فائدہ ملے گا ،مہنگائی میں کمی آئےگی،200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 4 سے 7 روپے یونٹ کا ریلیف ملے گا،عوام کا جائز مطالبہ پورا ہوگا، آئی ایم ایف معاہدہ ملک کی مجبوری تھی ، اشرافیہ نے پاکستان سے بے پناہ فوائد لیے ، اب وقت آگیا فائدہ واپس لوٹائے۔

وزیراعظم نے کہاریاست کو نہ بچایا ہوتا تو پھر کہاں کا بجٹ اور کہاں کی سیاست ،شکر ہے پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا،ماضی میںسیاست چمکانے کےلئے بڑے بول بولے گئے، 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کادعویٰ کیا گیامگر کرپشن ختم نہیں ہوئی اتنے بڑے سکینڈل آئے جو سب کے سامنے ہے،چینی،گندم بار بار درآمد کرکے دوستوں کی جیبیں بھری گئیں، پھر کہا گیا پاکستان کا 300 ارب ڈالر لوٹا ہوا واپس لائیں گے مگر ایک دھیلا تک واپس نہیں آیا۔

شہبازشریف نے کہابرطانیہ کی مہربانی سے 190 ملین پاو¿نڈ پاکستان کو واپس دئیے گئے پھر ہیرا پھیرا کی گئی،ریاست بچانے کےلئے سیاست کو قربان کیا مشکل مرحلہ گزر گیا اور پاکستان بچ گیا،تنقید کی گئی آئی ایم ایف کےساتھ مل کر بجٹ بنارہے ہیں اس میں کیا راز کی بات ہے؟ سب کو معلوم تھا آئی ایم ایف سے پروگرام حاصل کررہے ہیں، ایک جماعت کے بانی نے کہا مرجاو¿ں گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاو¿ں اور کئی ماہ ضائع کردئیے بعدازاں آئی ایم ایف کے پاس گیا اور مہنگا پروگرام لیا اسی پروگرام کو بعد میں سیاست کی نذر کردیا، عدم اعتماد کے خدشے پر تیل کی قیمتیں کم کر کے قومی خزانے کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔

وزیراعظم نے کہابجٹ میں یقیناً ٹیکسز لگے ، اشرافیہ پر بعض ٹیکسز پہلی بار لگائے، لینڈ کا کاروبار کرنے اور سرمایہ کاروں پر پہلی بار ٹیکس لگا جو بیٹھے بٹھائے منافع حاصل کررہے ہیں ،100 ارب آمدن کی متوقع ہے،تنخواہ دار طبقے نے ٹیکس لگنے پر احتجاج کیا ،بتانا چاہتا ہوں پراپرٹی کے منافع والوں پر پہلی بار ٹیکس لگایا ،اگلے برس رئیل سٹیٹ سیکٹر کے ٹیکس میں مزید اضافہ کریں گے،رئیل سٹیٹ سیکٹر زمین اپنے پاس رکھ کر بیٹھے بٹھائے منافع کمارہا ہے اور سٹے بازی کررہا ہے بیٹھے بٹھائے زمینوں کی قیمتیں دگنی ،تگنی ہورہی ہیں،پروٹیکٹڈ صارف کہلانے والے کے نرخ بڑھے تو ملک بھر میں صدائے احتجاج بلند ہوئی، احتجاج جائز ہے،200یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کا اعلان کررہے ہیں ،94 فیصد صارفین مستفید ہوں گے،آئی ایم ایف کےساتھ پروگرام مجبوری اور کوئی چارہ نہیں تھا، بچت کریں گے، ڈاو¿ن سائزنگ شروع ہوچکی، نجکاری جاری ہے،اپنے بحری جہاز نہیں ، صرف فریٹ کی مد میں 5 ارب ڈالر ادا کررہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاامپورٹ و ایکسپورٹ کا فریٹ یعنی بحری جہازوں کا کرایہ سالانہ 5ارب ڈالر ادا کیا جاتا ہے ،مایہ ناز قومی ادارے پی این ایس سی کے پاس صرف 12 جہاز ہیں ،سالانہ تنخواہیں 5ارب ہیں یعنی فی جہاز 47 یا 48 کروڑ روپے کا پڑرہا ہے، بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک کے پاس کئی سو جہاز ہیں وہ امپورٹ ایکسپورٹ کرتے ، کرایہ بھی بچاتے ہیں ،اپنے پاس جہاز نہ ہونا بدقسمتی ہے یہ دیمک ملک کو چاٹ رہی ہے ،فوری طور پر علاج کرنا ہوگا،وزیراعظم نے کہا صرف کراچی بندرگاہ پر امپورٹ، ایکسپورٹ ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میں 1200ارب چوری کیے جارہے ہیں، ایک ادارے نے ہفتہ پہلے رپورٹ دی،2700 ارب کے کلیمز برسوں سے عدالتوں میں پڑے ہیں یہ ہیں وہ پیراسائٹس جو پاکستان کو کھارہے ہیں، نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کا بیڑہ اٹھالیا ،کہیں بھی غلط بیانی سے کام نہیں لیا، چیلنجز کا ملکر حل کر لیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) فلیپو گرانڈی نے ملاقات کی ،وزیراعظم نے یو این ایچ سی آر کےساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے 4دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

شہبازشریف نے کہامتعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ افغان مہاجرین کی انتہائی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی ،عالمی برادری افغان مہاجرین کی اتنی بڑی آبادی کی میزبانی کرنے سے پاکستان پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے اور مسئلے کے دیرپا حل کےلئے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے،پاکستانی کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے کےلئے افغان مہاجرین کی صورت حال سے نمٹنے کےلئے پائیدار حل کو فروغ دینا ہوگا۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو فون کرکے صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبار کباد دی ،خامنہ ای کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،شہباز شریف نے کہا برادر ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے پاکستان ،ایران مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت ،روایات کے بندھن میں بندھے ہیں، تعلقات مزید مستحکم کرنے اور تجارت، توانائی ،علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کےلئے ساتھ ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے کہااپریل 2024 میں مرحوم صدر سید ابراہیم رئیسی کے تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر لیے گئے فیصلوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون پر مبنی شراکت داری کی بہترین بنیاد رکھی ،نومنتخب ایرانی صدر پزشکیان نے بھی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا،دونوں رہنماوں نے علاقائی امور پر تبادلہ خیال، قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔