نیویارک:(خواجہ فاروق،فارن ڈیسک)پاکستانی خاتون امریکہ میں ڈے کیئر فراڈ میں ملوث نکلی،امریکی تحقیقاتی ایجنسی کاچھاپہ،تمام دفاتر سیل،ریکارڈ ضبط،ذکیہ خان گرفتاری کے بعد رہا،تحقیقات کادائرہ وسیع کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ایجنسی نے مبینہ فراڈ میں ملوث بروکلین نیویارک میں قائم 3ڈے ہوم کئیر سینٹر پرچھاپہ مار کر تمام ریکار ڈ قبضے میں لےکر تمام دفاتر کو سیل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا،چھاپے کے دوران پاکستانی خاتون ذکیہ خان کو گرفتار کیا گیا مگر تفتیش کے بعد رہائی مل گئی۔
ذرائع کے مطابق کئی سالوں سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے مخصوص مافیا نے نیویارک میں راتوں رات کروڑ پتی بننے کیلئے ڈے کئیر ہوم اور فارمیسی میں ذکیہ خان سمیت سادہ لوح لوگوں سے لاکھوں ڈالر حاصل کر کے کاروبار میں حصہ دار بنانا شروع کیا،بعدازاں حصہ داری کی تقسیم پر اختلافات پیدا ہو گئے ،ذرائع کے مطابق متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی ذکیہ خان نے چند سالوں کے اندر کئی جائیدادیں بنالیں،لاکھوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کرنے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئیں، حقائق منظرعام آنے پر متعدد گرفتاریاں بھی متوقع ہیں،رپورٹ کے مطابق ذکیہ خان کوپاکستانی راجہ آزاد گل کی حمایت حاصل ہے ،راجہ آزاد گل نے حمایت کے بدلے لاکھوں ڈالر کے چیک بھی وصول کیے ۔
واضح رہے راجہ آزد گل بروکلین نیویارک پولیس کے چند افسروں سے خصوصی تعلقات کی وجہ سے کافی شہرت رکھتا ہے،گزشتہ دنوں قونصل جنرل عامر اتو زئی خان کی موجودگی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر کسی پاکستانی کو قونصلیٹ سے کوئی کام کرانا ہو تو مجھ سے رابط کریں ،امریکی ایجنسیوں نے راجہ آزاد سے منسلک کاروبار کرنےوالوں کےخلاف تحقیقات شروع کیں تو پہلا نشانہ ذکیہ خان بنی،سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔
رابطہ کرنے پر ذکیہ خان نے اپنی گرفتاری کو شوشہ قراردیتے ہوئے کہا چھاپہ مارنے والوں نے صرف ریکار ڈ قبضے میں لیا ،ٹیم کوتحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی،راجہ آز اد گل کو متعدد چیک دئیے ،چھاپہ میرے کاروباری حریف کی شکایت پر مارا گیا،زندگی بھر دکھ رہے گا،مافیا کو بے نقاب کروں گی۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر ایک اور شخص افتخار بٹ نے نیویارک کے میئر ایرک ایڈم کی کمیونٹی افسر عطیہ شہناز کو کروڑ پتی بننے کالالچ دے کر اپنے کاروبار میں حصہ دار بنایا اور پھر ہزاروں ڈالر ہڑپ کرلیے،عطیہ شہناز نے افتخار بٹ کیخلاف پریس کانفرنس کرک بھرپور الزامات بھی عائد کیے تھے، کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔
مشرق نے لگنے والے الزامات پر موقف لینے کیلئے رابطہ کیا تو افتخاربٹ نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے عطیہ شہناز پر الزامات کی بارش کردی،افتخار بٹ نے کہا عطیہ شہناز فراڈ کرنا چاہتی تھی، علم ہونے پر اپنے کاروبار سے نکال دیا،میرا دامن صاف اور اقدام قانون کے مطابق ہے۔
پاکستانی امریکن نے ڈائریکٹر ایف بی آئی سے اپیل کی ہے عطیہ شہناز،افتخار بٹ جیسے لوگوں کی وجہ سے کمیونٹی بدنام ہورہی ہے،دونوں کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے،مافیاز کو لگام ڈالنے اورقرار واقعی سزا دلانے کےلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیں تاکہ کمیونٹی کی عزت پر کوئی سوال نہ اٹھے اور اور اپنے بچوں کیلئے باعزت روز گار کما سکیں۔
امریکہ:پاکستانی خاتون ڈے کیئر فراڈ میں ملوث نکلی،تمام دفاتر سیل



















