سدھار میں پاکستان لیبر قومی موومنٹ کا تحفظ مزدور جلسہ

فیصل آباد: (بیورو رپورٹ) سدھار میں پاکستان لیبر قومی موومنٹ کی جانب سے تحفظ مزدور جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں مزدوروں نے شرکت کی، شرکا ءنے وفاقی اور صوبائی مزدور دشمن اور ٹیکسوں سے بھرپور بجٹ مسترد کر دیئے۔

مقررین شیخ نثار ، یاسر جٹ،یاسمین طاہرہ ،عابدہ پروین ،پروین لطیف انصاری اور پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا لطیف انصاری نے کہا حکومت نے بجٹ بناتے وقت مزدوروں کا کوئی خیال نہیںکیا، بجٹ میں ٹیکس کی بھرمار کر دی گئی، عوام پر مہنگائی کا ایک طوفان امڑنے والا ہے مگر مزدوروں کیلئے صرف 37 ہزار روپے کم از کم تنخواہ کا اعلان کیا، انہوں نے پنجاب اور سندھ میں تجویز کردہ یونیفارم لیبر کوڈ 2024پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا یہ قانون جو بنانے جارہے ہیں انتہائی مزدور دشمن ہیں، قانون میں متعدد تبدیلیوں کے ذریعے مزدور حقوق کو سلب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، قانون کے تحت ٹھیکیداری نظام کو قانونی قرار دیا جارہا ہے اور خدشہ ہے مستقبل میں مستقل نوکریاں ختم کر دی جائیں گے، مالکوں اور مزدوروں کے درمیان رشتہ ختم کر کے مزدور حقوق کو ٹھیکیداروں کے حوالے کیا جارہا ہے، قانون کےخلاف ملک بھر میں تحریک شروع کرنے والے ہیں، بہت سے مزدور اور ٹریڈ یونین کے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔