نان فائلرزکی اصطلاح نکال باہر ،زراعت،پراپرٹی پر ٹیکس لگے گا،وزیر خزانہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اورنگزیب نے کہاہے نان فائلرزکی اصطلاح ڈکشنری سے نکال باہر کرینگے،زراعت،پراپرٹی پر ٹیکس ہرصورت لگے گا،صوبے دونوں شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں نہ لائے تو سسٹم نہیں چلے گا، سوشل پروٹیکشن میں بھی حصہ ڈالنا ہوگا، وفاق کا اکھٹا کیا گیا ریونیو کا 60 فیصد صوبوں کو چلا جاتا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اورنگزیب نے کہابجٹ کو روڈ میپ کے طور پر دیکھنا ہوگا، پاکستان ٹیکس ٹو جی ڈی پی ساڑھے 9 فیصد کا متحمل نہیں ہوسکتا، 13 فیصد تک لے جانا ہوگا،لوگ ٹھیک کہتے ہیں نان فائلرز کی کیٹیگری کو ختم ہی کردیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہوگا جس میں نان فائلرز کی اختراع ہے،آنے والے سالوں میں ”نان فائلرز“ کو ڈکشنری سے باہر کردیں گے،کوشش کر رہے ہیں صنعتوں کیلئے گروس سبسڈی والا معاملہ کافی حد تک کنٹرول کیا جاسکے،پیسے کو اکنامی میں لانے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کی ضرورت ہے۔