لاہور (اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محکمہ تحفظ ماحول نے 25 روز کے دوران 24523 مقامات پر چھاپے مارکر 10919 کلو پلاسٹک بیگز ضبط کر لئے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیات مجسٹریٹ کی عدالت میں 5 چالان جمع کئے گئے اور 24523 چھاپوں کے دوران لاہور سے 1002 کلو پلاسٹک بیگز کو دکانوں سے اٹھایا گیا۔اتوار کے روز بھی کاروائیاں جاری رہیں اور مختلف ناشتہ اور کھانے پینے کے ہوٹلوں پر چیکنگ کی گئی۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پلاسٹک بیگز کی روک تھام سے سموگ اور فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔عوام پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ پلاسٹک مینوفیکچررز کے 75مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز نہ بنانے،قوانین پر عملدرآمد اور حکومت سے تعاون کرنے پر مشکور ہیں۔اس حوالے سے سیکرٹری تحفظ ماحول راجہ جہانگیر نے کہا ہے کہ سنگل یوز پلاسٹک ماحول کو تباہ اور صحت کے مسائل پیدا کررہا ہے۔ 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگ استعمال نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ مارکیٹوں کے صدور کو75 مائیکرون سے کم شاپنگ بیگز کو استعمال نہ کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے تا کہ ماحول صاف رہے اور پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی سے لوگوں کو نجات ملے ۔
عوام پلاسٹک بیگز استعمال کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کریں: مریم اورنگزیب



















