اسلام آباد ہائیکورٹ، 5 سابق نیوی افسروں کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورٹ مارشل میں سزائے موت پانے والے 5 سابق نیوی افسروں کی سزا پرعملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سزائے موت پانے والے سابق نیوی افسروں کی درخواست پر سماعت کی، پاکستان نیوی کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کورٹ مارشل کی کارروائی شیئر نہیں کی جا سکتی،جسٹس بابر ستار نے پاک بحریہ کے نمائندے سے استفسار کیا کیا آپ چاہتے ہیں میں فیصلہ کردوں؟ آپ کوئی وجوہات نہیں بتا رہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی، یہ بتانا کہ سزائے موت کیوں دی گئی کوئی خفیہ معاملہ نہیں ہے، میرے سامنے ایک ہی سوال ہے سزائے موت کیوں دی گئی وجوہات بتائی جائیں،درخواست کے مطابق جنرل کورٹ مارشل میں سزائے موت سنائی گئی لیکن وکیل کی معاونت فراہم نہیں کی گئی، ملزموں سے شواہد اور کورٹ آف انکوائری کی دستاویزات بھی شئیر نہیں کی گئیں،دستاویزات تک رسائی کے بغیر سزائے موت کےخلاف اپیل دائر کی گئی جو مسترد ہوئی،پاک بحریہ کے نمائندے سے ہدایات لینے کےلئے وقت مانگ لیا، عدالت نے ہدایات لینے کےلئے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،پاک بحریہ کے سابق افسروں ارسلان نذیرستی، حماد، طاہر رشید، حماد احمد خان اور عرفان اللہ نے اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔