کوئی غیرقانونی کام ہوا تو اڑا دینگے: سپریم کورٹ، 2018 اور 2024 میں مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا فارمولا طلب

اسلام آباد (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے الیکشن کمیشن نے کچھ غیر آئینی کیا ہے تو بالکل اڑا دیں گے، الیکشن کمیشن حقیر ادارہ نہیں نہ ہی سپریم کورٹ کے ماتحت ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ ہیں،دوران سماعت سنی اتحاد کونسل اور الیکشن کمیشن کے وکلا نے دلائل دیئے،جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر سے استفسار کیا بتائیں غلطی کہاں اور کس نے کی؟،وکیل نے بتایا کاغذات نامزدگی میں بلینک کا مطلب آزاد امیدوار ہے، پی ٹی آئی نے فارم 66 بائیس دسمبر اور پارٹی سے وابستگی سرٹیفکیٹ 13 جنوری کو جاری کئے، پی ٹی آئی کو پارٹی سے وابستگی سرٹیفکیٹ تو کاغذات نامزدگی کے ساتھ لگانا چاہیے تھے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا بتا دیں پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی میں لکھا ہے کہ سرٹیفکیٹ منسلک ہیں، وکیل سکندر بشیر نے کہا الیکشن کمیشن نے 23 دسمبر کو فیصلہ کیا جو پہلے آیا، اس کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا،جسٹس منیب اختر نے دریافت کیا آپ کہہ رہے کہ سرٹیفکیٹ غلط ہیں کیونکہ تب تک چیئرمین پی ٹی آئی کا انتخاب نہیں ہوا تھا؟،الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا حامد رضا نے 22 دسمبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور خود کو سنی اتحاد کونسل کا امیدوار کہا، حامد رضا نے کاغذات نامزدگی میں بریکٹ میں لکھا اتحاد تحریک انصاف سے ہے، حامد رضا نے پارٹی سے وابستگی 13 جنوری کو جمع کرائی،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے یعنی الیکشن کمیشن کی تاریخ سے قبل پارٹی سے ڈکلریشن دینی چاہیے، نشان بعد کی بات ہے، وکیل سکندر بشیر نے بتایا حامد رضا کا ہر دستاویز ان کے پچھلے دستاویز سے مختلف ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیا حامد رضا کو سنی اتحاد کونسل کا سرٹیفکیٹ دینا چاہیے تھا یا آزادامیدوار کا؟ جس پر وکیل نے کہا حامد رضا کو سنی اتحاد کونسل کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا چاہیے تھا،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا ڈکلریشن میں تو حامد رضا نے خود کو تحریک انصاف کا ظاہر کیا نہ کہ آزاد امیدوار، جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے اگر ایسا تحریک انصاف کرتی تو الیکشن کمیشن کا اپنا شیڈول متاثر ہو جاتا،چیف جسٹس نے کہا پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ تو کئی سال قبل سے آ رہا تھا، تحریک انصاف بار بار انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے وقت مانگ رہی تھی، سپریم کورٹ پر مت ڈالیں، الیکشن کمیشن پہلے دیکھ سکتا تھا، فٹبال کی طرح ایکسٹرا ٹائم کو دیکھ رہے، اصل گیم 90 منٹ کی ہوتی ہے، جسٹس منیب اختر نے کہا سوال تھا انتخابات جائز ہوئے یا نہیں، 22 دسمبر کو جب نشان لے لیا تو مطلب انتخابات کیلئے پارٹی ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تسلیم شدہ بات ہے کہ تحریک انصاف سال کا وقت لینے کے باوجود انٹراپارٹی انتخابات نہیں کرا سکی، بطور وزیراعظم درخواست دی کہ انٹراپارٹی انتخابات کیلئے سال دے دو، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا امیدوار علی محمد خان نے سرٹیفکیٹ نہ ڈکلریشن میں کچھ لکھا ہوا، ایسے بے شمار ہیں جو کاغذات نامزدگی میں بلینک ہیں،وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا میری اردو کچھ کمزور ہے، صاحبزادہ کو شہزادہ کہہ دیتاہوں،دوران سماعت وکیل سکندر بشیر کو پی ٹی آئی رہنما کنول شوذب کا صحیح نام لینے میں دشواری پیش آئی، وکیل نے بتایا کنول شوذب کی درخواست پر سماعت نہیں ہونی چاہیے، وہ فیصلے سے متاثر نہیں ہوئیں، کنول شوذب تحریک انصاف میں ہیں، خواتین ورکرز ونگ کی سربراہ ہیں،وکیل سکندر بشیر نے کہا 4 لوگ ممبر قومی اسمبلی بطور آزاد امیدوار منتخب ہوئے لیکن سنی اتحاد کونسل سے ضم نہیں ہوئے،جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق 6 امیدواروں نے پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ دیا لیکن وہ آزاد امیدوار کیسے قرار پائے؟،جسٹس منیب اختر نے دریافت کیا الیکشن کمیشن کے مطابق کتنے امیدواروں کا سرٹیفکیٹ اور ڈیکلریشن منظور ہوا؟ جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سب آزاد امیدوار ہی رہے،آزاد امیدواروں کے پاس اختیار ہے کہ تین روز میں کسی سے منسلک ہو جائیں، سب معاملہ حل ہوجائے گا،جسٹس عائشہ ملک نے سوال کیا گزشتہ انتخابات میں باپ پارٹی کو کے پی میں مخصوص نشستیں کیسے دی گئی تھیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ باپ پارٹی کو نشستیں دینے کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں تھا، باپ پارٹی کو نشستیں دینے کے معاملے پر کوئی سماعت نہیں ہوئی تھی،جسٹس عائشہ ملک نے سوال کیا الیکشن کمیشن ایک معاملے پر دو مختلف موقف کیسے لے سکتا ہے؟ وکیل نے بتایا موجودہ الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو سن کر فیصلہ کیا،جسٹس جمال مندوخیل نے دریافت کیا بلوچستان عوامی پارٹی کو مخصوص نشستیں ملیں تو انتخابات میں سیٹیں جیتی تھیں؟ کوئی ایسا قانون ہے کہ ایک صوبے میں سیٹیں جیتی ہوں تو دوسرے صوبے میں نہیں مل سکتیں؟،جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا ہر انتخابات الگ ہوتے ہیں، اگر کہا جائے 8 فروری کو 5 انتخابات ہوئے تو کیا درست ہے؟ وفاق اور صوبائی انتخابات الگ الگ ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے اپنے دلائل مکمل کر لیے،جسٹس جمال مندوخیل نے دریافت کیا کیا بیرسٹر گوہرعلی خان موجود ہیں؟ ان کے سوال پر گوہر علی خان روسٹرم پر آگئے،ن لیگ کے بیرسٹر حارث عظمت نے تحریری دلائل جمع کرا دیئے تاہم عدالت نے مولوی اقبال حیدر کو دلائل سے روک دیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ نے الیکشن نہیں لڑا تو آپ ہمارے لئے کوئی نہیں ہیں، اپنا کیس چلانا ہو تو کالا کوٹ نہیں پہن سکتے،ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا عدالتی نوٹس پر بطور ایڈووکیٹ جنرل دلائل دوں گا، متفرق درخواست میں تحریری دلائل جمع کرا چکا ہوں، الیکشن کمیشن کے کنڈکٹ سے مطمئن نہیں ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا آپ کہنا چاہتے ہیں کے پی میں انتخابات درست نہیں ہوئے؟،باپ پارٹی میں 3 افراد نے شمولیت اختیار کی تھی،ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے بتایا آزاد کی شمولیت پر الیکشن کمیشن نے باپ پارٹی کو مخصوص نشست دی تھی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا باپ پارٹی کی بلوچستان میں حکومت تھی، قومی اسمبلی میں ارکان اسمبلی بھی تھے، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے باپ پارٹی کیلئے باقاعدہ نیا شیڈول جاری کیا تھا،جسٹس منیب اختر نے کہا الیکشن کمیشن نے پہلے اور اب مختلف موقف اپنایا، الیکشن کمیشن آج کہتا ہے گزشتہ انتخابات میں کیا گیا فیصلہ غلط تھا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیا کے پی حکومت نے اس وقت یہ فیصلہ چیلنج کیا تھا؟ اگر چیلنج نہیں کیا تھا تو بات ختم، پی ٹی آئی کے 2018 میں بھی پارٹی انتخابات نہیں ہوئے تھے، تب انتخابی نشان کیسے ملا تھا؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس پر جائیں گے تو چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بھی کھل جائے گا، وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل منصور عثمان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا خواتین کی سیاسی عمل میں شرکت یقینی بنانے کیلئے مخصوص نشستیں رکھی گئیں، مخصوص نشستیں صرف سیاسی جماعتوں کو متناسب نمائندگی سے ہی مل سکتی ہیں،اٹارنی جنرل منصور عثمان نے کہا متناسب نمائندگی کے اصول کا مقصد ہی نشستیں خالی نہ چھوڑنا ہے، مخصوص نشستوں کیلئے آزاد امیدواروں کا شمار نہیں کیا جا سکتا،جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا یہ بات آپ کس بنیاد پر کر رہے ہیں؟ جسٹس شاہد وحید نے کہا جو فارمولہ آپ بتا رہے ہیں وہ الیکشن رولز کے سیکشن 94 سے متصادم ہے،جسٹس عائشہ نے پوچھا کیا مخصوص نشستوں کیلئے 2002 سے یہی فارمولہ چل رہا ہے؟ جسٹس شاہد وحید نے کہا سال 2002 میں الیکشن ایکٹ 2017 نہیں تھا، اٹارنی جنرل نے کہا مخصوص نشستوں کا فارمولہ نئے قانون میں بھی تبدیل نہیں ہوا،جسٹس محمدعلی مظہر نے ریمارکس دیئے آزاد امیدواروں کی سیٹیں تو آپ نے شامل کی ہیں نا؟ آزاد امیدواروں کو کم کر دیں تو سیاسی جماعتوں کی مخصوص نشستیں بھی کم ہو جائیں گی، مجھے جو سمجھ آیا اگر آزاد امیدوار سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوتا تو کیا وہ کہیں بھی شامل نہیں ہوگا کیا؟،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کاش میرا چیف جسٹس جیسا دماغ ہوتا، پڑھتے ہی سب کچھ سمجھ جاتا لیکن میں عام آدمی ہوں، چیف جسٹس نے کہا آئین لوگوں کیلئے بنائے جاتے ہیں، وکلا اور ججز کیلئے آئین نہیں بنائے جاتے، آئین لوگوں کی پراپرٹی ہے، آئین ایسے بنایا جاتا ہے کہ میٹرک کا طالب علم بھی سمجھ جائے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا عدالت چاہتی جس سیاسی جماعت کا جو حق ہے اسے ملے، کسی کو کم زیادہ سیٹیں نہ چلی جائیں، چیف جسٹس نے دریافت کیا حق کیا ہے؟ سپریم کورٹ نے آئین کو دیکھنا ہے،جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے فارمولہ تو الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے، جس کو الیکشن کمیشن چاہے آزاد امیدوار بنا دے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیا الیکشن کمیشن کا فیصلہ آزاد امیدواروں نے چیلنج کیا؟ کیا ہمارے سامنے کوئی آزاد امیدوار آیا ؟،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے الیکشن کمیشن حقیر ادارہ نہیں نہ ہی سپریم کورٹ کے ماتحت ہے، اگر دھاندلی ہوئی تو جب تک کیس نہیں آئے گا ہم نظرثانی نہیں کر سکتے، ہر انتخابات میں ایک ہی بات ہوتی، کسی نے آج تک نہیں کہا کہ الیکشن ٹھیک ہوا، ہارنے والا کہتا ہے انتخابات ٹھیک نہیں ہوئے، ہم ادارے کی قدر نہیں کرتے، الیکشن کمیشن نے کچھ غیر آئینی کیا ہے تو بالکل اڑا دیں گے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا چیف صاحب کہہ رہے الیکشن کمیشن اتنا زبردست ادارہ ہے،بعد ازاں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے 2018 اور 2024 میں مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا فارمولہ اور دستاویزات آج طلب کرتے ہوئے سماعت صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی۔
دوسری طرف ترجمان قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے ایک سال تک تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائے، اب سنی اتحاد کونسل، تحریک انصاف والے کس منہ سے مخصوص نشستیں مانگ رہے ہیں،نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹرعقیل ملک نے کہا مخصوص نشستوں کا فیصلہ عدالت کرے گی، سنی اتحاد کونسل کے اپنے منشور میں اقلیتی نمائندوں کا ذکر نہیں، سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کےلئے لسٹ جمع نہیں کرائی، پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ آیا جس جماعت نے لسٹ جمع نہیں کرائی وہ کیسے مخصوص نشستیں مانگ سکتی ہے، مخصوص نشستوں کےلئے لسٹ جمع کرانا ضروری ہوتا ہے، کوئی جماعت لسٹ جمع کرائے بغیر مخصوص نشستوں کا مطالبہ نہیں کر سکتی،ترجمان قانونی امور نے کہا سنی اتحاد کونسل نے بطور جماعت ایک سیٹ نہیں جیتی، سنی اتحاد کونسل نے خود آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا، مخصوص نشستوں کا فیصلہ عدالت نے آئین وقانون کے مطابق کرنا ہے، تحریک انصاف والے مانیں سنی اتحاد کونسل کو جوائن کر کے سیاسی غلطی کی، اب یہ ادھر نہ ا±دھر کے رہے، انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانا تحریک انصاف کی اپنی غلطی ہے، یہ سیٹیں چونگے میں آپ کی جھولی میں نہیں ڈالی جاسکتیں، یہ سنی اتحاد کونسل کا رائٹ نہیں ہے، اٹارنی جنرل نے حکومت کا موقف عدالت میں پیش کر دیا ہے،بیرسٹر عقیل ملک نے کہا آئین و قانون کے مطابق تحریک انصاف، سنی اتحاد کونسل کا کوئی رائٹ نہیں ہے، پی ٹی آئی کو پشاور ہائیکورٹ کے بجائے معاملے کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنا چاہیے تھا۔