لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداءکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کے اہل خانہ کو ذاتی گھر دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور پولیس کے شہید شکیل احمد کے اہل خانہ کو انکی پسند کے مطابق مہر فیاض کالونی تحصیل شالیمار ضلع لاہور میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ضروریات زندگی کی سہولیات سے آراستہ گھر کی مالیت ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہل خانہ کے گھروں کیلئے فنڈز جاری کئے۔ شہید کانسٹیبل شکیل احمد نے گذشتہ برس جون میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہید کے لواحقین میں ایک زوجہ دو بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل شکیل احمد کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل شکیل احمد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک ملزمان کا بہادری سے مقابلہ کیا ، پنجاب پولیس اپنے بہادر سپوت کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرےگی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس 1600 سے زائد بہادر شہداءاور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے جن کی بہترین ویلفیئر کیلئے محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔دریں اثناء وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب مہم میں پنجاب پولیس کا سخت کریک ڈاو¿ن جاری ہے، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلرز اور اسمگلرز کے ٹھکانوں پر پولیس کریک ڈاو¿ن میں تیزی لائی گئی ہے ، ایک روز میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 289 چھاپے مارے گئے ، مکروہ دھندے میں ملوث 141 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 135 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 50 کلو گرام چرس ، ایک کلو ہیروئن ، آدھا کلو آئس اور 1563 لٹرز شراب برآمد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 26 فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں نے 33572 چھاپے مارے ، منشیات فروشی میں ملوث 16 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 15693 مقدمات درج کئے گئے ، ملزمان کے قبضہ سے 9366 کلو گرام چرس، 162 کلو گرام ہیروئن، 269 کلو افیون، 45 کلو سے زائد آئس اور 16 لاکھ 77 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سپروائزری افسران کو انسداد منشیات آپریشنز میں تیزی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا زہر پہنچانے والے ملزمان کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کئے جائیں، بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ علاوہ ازیں پنجاب پولیس سرگودھا کی ٹیم نے تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود میں غریب زمیندار کے مویشیوں کو آگ لگانے کے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم محمد سرور کو گرفتار کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سرگودھا کو ملزمان کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیا تھا۔ ملزم کی شریک جرم بیوی نسیم بی بی اور بیٹے علی نے ضمانت قبل از گرفتاری کروا رکھی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملزمان چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو ، سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ بھاگٹانوالہ پولیس نے ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے ، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی، ڈی پی او سرگودھا نے مزید کہا کہ ملزمان نے ذاتی عناد پر مخالفین کے 06 مویشیوں کو آگ لگا دی تھی۔
پنجاب پولیس ہزاروں بہادر شہداءاور غازیوں کی امین فورس ہے : ڈاکٹر عثمان انور



















