لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کی 41 جیلوں میں قید تمام 60288 قیدیوں کے مناسب علاج اور طبی معائنے کیلئے آنکھوں اور دانتوں کے کیمپ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز یہاں ڈاکٹر وقار چوہدری ایڈوائزر وزیر مملکت و وفاقی ٹیکس محتسب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد قیدیوں کی حفظان صحت کی ضروریات کو پورا کرنا اور خاص طور پر ان کی بصارت اور دانتوں کی صحت پر توجہ دینا ہے جنہیں محدود وسائل کی وجہ سے اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو صحت کی مکمل دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنا اور ان کی صحت کو برقرار رکھنا ان کی بحالی اور انہیں معاشرے کے کارآمد شہری بنانے کیلئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں اور دانتوں کے کیمپوں میں مکمل معائنہ اور علاج کیلئے ضروری طبی عملہ اور آلات موجود ہوں گے۔ اس میں آنکھوں کے معمول کے چیک اپ اور درست لینز، دانتوں کے مسائل، مسوڑھوں کی بیماریوں کا علاج اور دیگر ضروری سہولیات شامل ہوں گی۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے کہا کہ یہ اقدام جیلوں کے اندر حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی وسیع تر کوشش کا حصہ ہے کہ قیدیوں کو بھی عام شہریوں کی طرح صحت کی معیاری سہولیات دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی صحت کو اوّلین ترجیح حاصل ہونی چاہیے کیونکہ اس سے ان کی بطور کارآمد شہری بحالی کے پروگراموں میں حصہ لینے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے اور جیل کے ماحول میں صحت سے متعلق پیچیدگیوں کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد، محکمہ صحت پنجاب اور سماجی تنظیموں کے ساتھ تعاون بھی اس اقدام کا ایک اہم جزو ہوگا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کیمپوں میں مناسب تعداد میں عملہ موجود ہو۔ آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ محکمہ جیل خانہ جات کی تاریخ میں پہلی بار زیر سماعت مقدمات کے قیدیوں کو ٹرائل کورٹس میں پیشی کیلئے جیلوں سے نکلنے سے قبل ٹھنڈے پانی کے ساتھ لنچ باکس فراہم کئے جا رہے ہیں اور یہ تجربہ بہت کامیاب رہا ہے۔ میاں فاروق نذیر نے کہا کہ تمام ریجنل ڈی آئی جیز اور جیل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس اقدام کی صحیح معنوں میں تعمیل کو یقینی بنائیں۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور ریجن نوید رو¿ف لنگڑیال نے بتایا کہ وہ تمام جیلوں کا باقاعدگی سے دورہ کر رہے ہیں اور آئی جی کی ہدایات پر عملدرآمد کو چیک کر رہے ہیں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور چودھری اعجاز اصغر اور کیمپ جیل لاہور کے سپرنٹنڈنٹ ظہور احمد ورک نے بتایا کہ ڈینٹل کیمپ کا کام پیر سے شروع ہو جائیگا جبکہ آئی کیمپ کے جلد قیام کیلئے محکمہ صحت سے رابطہ کیا گیا ہے۔
جیلوں میں قیدیوں کے طبی معائنے کیلئے کیمپ لگائے جائیں گے: میاں فاروق نذیر



















