اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے پاک دوبارہ الیکشن کرائے جائیں:فضل الرحمن

پشاور:(بیورورپورٹ)جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن نے کہاہے چند دن بعد جنوبی اضلاع میں امارت اسلامی کا قیام نظر آرہا ہے،ریاستوں کے معاملات عجلت سے طے نہیں ہوتے،قبائلی جرگے نے آپریشن عزم استحکام کو عدم استحکام قرار دےدیا،اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے پاک دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاامن وامان کی صورتحال بہت گھمبیرہے، مسلح لوگ کئی علاقوں میں پھیل چکے ،مغرب کے بعد ملک کے جنوبی اضلاع میں پولیس تھانوں میں محصورہوکررہ جاتی ہے، سوات سے لیکروزیرستان تک لوگوں نے بہت قربانیاں دیں، جنگ کے دوران قبائلی لوگوں کوبھیک مانگنے پرمجبورکردیا گیا۔

سربراہ جے یوآئی نے کہاتباہ حال فاٹا میں لوگوں کے گھرتباہ ،عوام کا معاشی،عزت نفس کا قتل کیا گیا، ایک بارپھراعلان ہوتا ہے آپریشن کریں گے، ہرفیصلہ اشتعال کی بنیاد پرکیا گیا،ذمہ دار ریاست کی بجائے وقتی اشتعال و عجلت میں فیصلے کیے جارہے ہیں،معاملات دھمکیوں اور جذبات سے طے نہیں ہوتے۔

فضل الرحمن نے کہا افغانستان کا استحکام پاکستان کیلئے فائدہ مند ہے،آپریشن کی روایات توناکامی کے سوا کچھ نہیں،اسد قیصرجب رابطہ کریں گے پھربات کروں گا،ایران کےساتھ دوستی ہوسکتی ہے تو افغانستان سے کیوں نہیں،فضل الرحمن نے قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا دوبارہ الیکشن چاہتا ہوں جس میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نہ ہو۔