کامونکے شہر گندگی کی نذر،سڑکیں گندے جوہڑمیں تبدیل

کامونکے:( ندیم گجر ) میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی کی وجہ سے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔جبکہ سیوریج سسٹم جانوروں کی الائشوں کی وجہ سے بند ہونے سے سروس روڈ،فیصل ٹاون،پُرانی آبادی،ٹبہ محمد نگر کی سڑکیں گندے پانی سے جوہڑ بن گئیں۔


میونسپل کمیٹی کی چیف آفیسر صوفیہ عاشق کی غفلت و عدم دلچسپی کے باعث جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف،ریلوے روڈ کے دونوں اطراف،انڈر پاسز،پُرانی آبادی،محمد پورہ،سلامت پورہ،کسوکی روڈ،ہڑڑ روڈ،تھانہ روڈ،خان ٹاون،فیصل ٹاون،بلال پارک،ورک ٹاون،ٹبہ محمد نگر،مین بازار سمیت پورے شہر کے گلی محلوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں جس سے شہری ہیپاٹائٹس،،جلد،سانس اور دیگر موذی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں

7روز سے قربانی کے جانوروں کی الائشیں پھنس جانے سے سیوریج سسٹم بند ہے جس سے سروس روڈ مکمل طور پر گندے پانی سے بھرا ہے جس سے ٹریفک کا گذرنا ممکن نہیں رہا اور بدبو سے قریبی دُکانداروں کا سانس لینا دشوار اور کاروبار شدید متاثر ہوچکا ہے۔اسکے علاوہ فیصل ٹاون،پُرانی آبادی اور ٹبہ محمد نگر کی سڑکیں بھی جوہڑ کی شکل اختیار کرچکی ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کی سی اوکی جانب سے سنجیدگی سے سیوریج سسٹم کھلوانے کے انتظامات نہیں کئے جارہے۔اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیوریج سسٹم کھولنے میں مزید تین سے چار روز لگ جائیں گے۔۔