اسلام آباد، لاہور: (بیورو رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) مذاکرات کامیاب، پیپلز پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم، پنجاب، سندھ میں پاور شیئرنگ کا فارمولا طے پا گیا۔
ذرائع کے مطابق (ن) لیگ،پی پی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے تیسرے دور میں حکومت نے پی پی کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے، تحفظات دورکرنے کےلئے سفارشات بھی مرتب کرلی گئیں۔
مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا دور وزیراعظم ہاوس میں ہوا، ترقیاتی فنڈز، پنجاب میں انتظامی عہدوں پر پیپلز پارٹی کو ترجیح دی جائیگی، دونوں جماعتوں میں تعاون یکطرفہ نہیں دوطرفہ ہوگا، (ن) لیگ پنجاب میں جو پاور شیئرنگ کریگی وہ سندھ میں بھی لے گی، پیپلزپارٹی (ن) لیگ کو سندھ کے تمام اضلاع میں شریک اقتدار کریگی۔ پی پی ٹیم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کریگی۔
دریں اثنا پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حسن مرتضیٰ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاور شیئرنگ کے معاملے پر مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، مذاکراتی کمیٹی کے ممبران چیئرمین بلاول بھٹو کو رپورٹ پیش کریں گے ، منظوری کے بعد حتمی اعلامیہ جاری ہوگا۔ دونوں جماعتوں کی کمیٹی ہر 15 دن بعد میٹنگ کیا کریگی۔
مذاکراتی کمیٹی کے رکن ندیم افضل چن نے کہا حکومتی کمیٹی سے خوش اسلوبی سے بات چیت ہوئی، پنجاب کے معاملات میں سپیس کا ایشو تھا، بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کوئی انتقام کا نشانہ نہ بنے، پنجاب میں اچھی گورننس دی جائے، کافی حد تک بات ہوچکی، تحریری معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے۔
پیپلز پارٹی کےمطالبات تسلیم، پنجاب، سندھ میں پاور شیئرنگ کا فارمولا طے



















