سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں،الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرا دیا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔

جواب میں کہا گیاسنی اتحاد کونسل کا کوئی غیر مسلم ممبر نہیں بن سکتا،مخصوص نشستوں کی اہل نہیں ،مخصوص نشستوں کی فہرست جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 جنوری تھی لیکن سنی اتحاد کونسل نے فہرست جمع نہیں کرائی،امیداروں سے تحریک انصاف نظریاتی کا انتخابی نشان دینے کا سر ٹیفکیٹ مانگا گیا، بعد ازاں امیدوار تحریک انصاف نظریاتی کے انتخابی نشان سے خود دستبردار ہوئے جس کے بعد امیدوار آزاد قرار پائے۔

الیکشن کمیشن نے کہا انتخابات کے بعد آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے، سنی اتحاد کونسل کو الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں نہ دینے کا 4-1سے فیصلہ دیا ،پشاور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی اپیل پرالیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا،سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کےلئے اہل نہیں، مخصوص نشستیں نہ دینے کے الیکشن کمیشن ،پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کوئی سقم نہیں، مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہے۔

جواب میں مزید کہا گیاسنی اتحاد کونسل کے آئین کے مطابق غیرمسلم جماعت کا ممبر نہیں بن سکتا، سنی اتحاد کونسل کے آئین میں غیرمسلم کی شمولیت کےخلاف شرط غیر آئینی ہے، سنی اتحاد کونسل خواتین ،اقلیتوں کی مخصوص سیٹوں کی اہل نہیں۔

دریں اثناسنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے کیس میں اضافی دستاویزات جمع کرادیں، کنول شوذب کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ میں اضافی دستاویزات جمع کرائیں،اضافی دستاویزات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 2کامیاب اراکین کے نوٹیفکیشن بھی لگائے گئے ہیں۔