پارلیمانی رابطے پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے:سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور:(اپنے رپورٹر سے ) سپیکر ملک احمد خان سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام Dr Reza Amiri Moghaddam نے لاہور کے قونصل جنرل ایران مہران مواحد فر کےساتھ اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی،ملاقات میں پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا،دوران ملاقات مرحوم ایرانی صدر ابرہیم ریئسی کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

سپیکر ملک احمد خان نے کہا ایران اور پاکستان کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات علاقائی امن و استحکام کےلئے اہم ہیں،پاک ایران تاریخی تعلقات کو اب تجارتی تعلقات میں تبدیل کرنا باہمی ترقی کےلئے انتہائی ضروری ہے، پارلیمانی رابطے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں استحکام اور ملکی خوشحالی کا سفر جاری ہے، ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے کہا ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،نئی حکومت کے آنے سے پنجاب آگے بڑھ رہا ہے۔