لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس فورس کے ہمراہ نماز عید الاضحی ادا کی۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی راجہ رفعت، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ ون اینڈ ٹو، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران، ریٹائرڈ و حاضر سروس اعلٰی پولیس افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔نماز عید الاضحٰی کے بعد ملکی تعمیر و ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا پولیس کی یادگار پر سلامی دی، آئی جی پنجاب نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہدا کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہداءپولیس کی بے پایاں قربانیوں کی وجہ سے ہی آج ہم امن کی فضا میں سانس لے رہے ہیں،آئی جی پنجاب نے کہا کہ عید الاضحی پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پنجاب پولیس عبادت گاہوں، اہم مقامات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحٰی کا دن فیلڈ وزٹس میں گذارا، ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید الاضحٰی کی ادائیگی کے بعد آئی جی پنجاب سب سے پہلے تحفظ منزل فوسٹر ہوم پہنچے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحٰی یتیم اور بے سہارا بچوں کے ہمراہ منائی،آئی جی پنجاب نے بچوں کو عید کی مبارکباد دی، گلے لگایا اور شفقت کا اظہار کیا، ڈاکٹر عثمان انور نے تحفظ منزل فوسٹر ہوم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، انچارج تحفظ منزل نے آئی جی پنجاب کو تحفظ منزل میں قیام پذیر بچوں اور فراہم کی جانے والی سہولیات بارے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فلیٹس بھوبتیاں کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے فلیٹس میں رہائش پذیر پولیس اہلکاروں ، انکی فیملیز اور بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے عید کی مبارکباد دی۔انہوں نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، پولیس کمیونی کیشن افسران و سٹاف کو عید کی مبارکباد دی، ایم ڈی سیف سٹی اور چیف آپریٹنگ آفیسر نے عید کے موقع پر سکیورٹی، دیگر انتظامات بارے بریفنگ دی۔انہوں نے ظل شاہ کے گھر کا دورہ بھی کیا ،ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ظل شاہ کی فیملی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
شہداءپولیس کی لازوال قربانیوں سے امن کی فضا قائم ہے: آئی جی پنجاب ،پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید ادا



















