گوردوارہ ڈیرہ صاحب انتظامیہ کی بدانتظامی، شہیدی تہوار پر یاتری اندھیرے میں مذہبی رسومات پر مجبور

لاہور (علی جنید) شہیدی کے تہوار کے موقع پر گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں بدترین انتظامی کا ماحول چھایا رہا۔ 15 اور 16 جون کی درمیانی شب پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے کسی بھی اہم ممبر نے گوردوارہ کی تقریب میں شرکت نہیں کی جبکہ بجلی کا بھی مناسب متبادل انتظام نہ ہونے پر مقامی لوگوں سمیت 846 بھارتی سکھ یاتری اندھیروں میں مذہبی رسومات ادا کرنے پر مجبور ہوگئے۔ اس سلسلے میں گوردوارہ کے کیئر ٹیکر زوہیب نے بتایا کہ گرمی کے باعث ٹرانسفارمر اور جنریٹر کی خرابی سے ایسا واقعہ پیش آیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمن کو اس واقعہ کا نوٹس لینا چاہئے۔ نمائندہ ”مشرق“ نے شہیدی میلہ کے موقع پر 15 اور 16 جون کی درمیانی شب گوردوارہ ڈیرہ صاحب کی تقریب میں شمولیت اختیار کی جہاں گوردوارہ صاحب بجلی نہ ہونے کے باعث اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا اور اندھیرے میں ہی تمام افراد مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف تھے جبکہ اس وقت گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا کوئی بھی ممبر موجود نہیں تھا اور نصف شب گزر جانے کے بعد ڈاکٹر ممپال سنگھ گوردوارہ تشریف لائے تھے، ہزاروں افراد کی گوردوارہ میں موجودگی، بجلی نہ ہونا اور لنگر کے معاملات میں بدترین بدانتظامی دیکھنے میں آئی تھی اور اس موقع پر متعدد بھارتی سکھ یاتریوں نے اِن کیمرہ ”مشرق“ سے گفتگو بھی کی اور گوردوارہ صاحب کی بدانتظامی کے بارے میں رونا رویا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف اور چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمن کو از خود نوٹس لینا چاہئے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ سمیت پی ایس جی پی سی کے کسی بھی ممبر نے کوئی اہم کردار ادا نہیں کیا۔