شہباز گل کے بھائی کی عدم بازیابی، ایس پی، اے ایس پی کی معطلی کا حکم

لاہور: (کورٹ رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے بھائی کی عدم بازیابی،لاہور ہائیکورٹ نے ایس پی اور اے ایس پی کو معطل کرنے کا حکم دےدیا۔

جسٹس امجد رفیق نے 2صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہاآئی جی سینئر پولیس افسر کو مغوی کی بازیابی کیلئے تعینات کرےں، عدالت نے 10جون کو مغوی کی بازیابی کا حکم دیا، اے ایس پی مغوی کی بازیابی کیلئے مطمئن نہ کرسکے، عدالتی حکم پر ایس پی اخلاق نے پیش ہو کرسرد مہری کا مظاہرہ کیا،ایس پی نے کہا اگر درخواست گزار پولیس سے تعاون کرے تو مغوی کی بازیابی کیلئے کوشش کی جائیگی، پولیس افسروں کا رویہ واضح طور پر عدالتی حکم عدولی ہے، پولیس نے 4دنوں میں مغوی کی بازیابی کےلئے کوشش ہی نہیں کی۔

فیصلے میں کہا گیا عدالت نے مغوی کی بازیابی کیلئے ایس پی کے بیان پر ایک اور موقع دےدیا، مغوی کی برآمدگی کی کوشش و نگرانی کیلئے سینئر افسر تعینات کرےں، مغوی کوگھر سے فیصل آباد اور اسلام آباد تک جدید آلات سے ڈھونڈا جائے،میڈیا کے ذرائع بھی استعمال کیے جائیں۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کیخلاف لاہور میں درج مقدمات کا چالان جمع کرانے کا حکم دےدیا،جج خالد ارشد نے شاہ محمود قریشی کیخلاف لاہور میں درج مقدمات کا تحریری حکم جاری کیا،حکم میں کہا گیا تفتیشی افسر نے شاہ محمود قریشی کا 30 دن کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگا، تفتیشی افسر کی جانب سے کوئی پیشرفت رپورٹ پیش نہیں کی گئی، عدالت شاہ محمود قریشی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتی ہے۔