مذاکرات کااختیاراچکزئی کے سپرد،چیف جسٹس قانون کی حکمرانی قائم کرائیں:عمران

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے حکومت کے پاس تو مذاکرات کااختیار ہی نہیں،چیف جسٹس ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرائیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاپی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دینے والے ججز پر دباو¿ ڈالا جارہا ہے،سرگودھا کے جج نے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا کیسے خفیہ ادارے نے دباو ڈالا، جج کے گھر کی گیس کاٹ دی گئی، سب معاملات میں خفیہ ادارہ شامل ہے، چیف جسٹس کے سامنے قانون کی حکمرانی میں مداخلت ہو رہی ہے،پارٹی دفتر تک توڑ دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا پارٹی میں گروپ بندی کرنےوالوں کو نہیں چھوڑوں گا،بجٹ نے تنخواہ دار طبقے کی کمر توڑ دی، پاکستان تو ڈوب چکا ،ملک صرف سرمایہ کاری سے بچے گا جو قانونی کی حکمرانی سے ہی آئے گی،جب فیصلے اوپر سے بڑے صاحب کریں گے تو پھر حکومت سے مذاکرات کا کیا فائدہ؟ جسٹس بندیال کے کہنے پر پی ڈی ایم سے مذاکرات کیے تو کہا گیا بڑے صاحب نے فیصلہ کیا ہے جب تک بندیال ہے الیکشن نہیں ہوں گے،سیاستدان ہمیشہ مذاکرات میں ہی جاتا ہے ،مشرف دور میں بھی مذاکرات کیے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے مذاکرات کااختیار محمود اچکزئی کو دےدیا،پریس کانفرنس کرتے ہوئے روف حسن نے کہا ویسے تو عمران خان نے کسی بھی سیاسی جماعت سے مذاکرات نہ کرنے کی ہدایت کردی تاہم اپوزیشن الائنس کی طرف سے اچکزئی چاہیں تو کسی سے بھی مذاکرات کرسکتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا محسن نقوی کا پہلے ٹیکس نمبر ہی نہیں تھا ،ٹیکس ادا نہیں کرتے تھے تو میڈیا چینل کیسے خرید لیا، بات محسن نقوی سے بھی کوئی پوچھ لے،پنجاب کے کاشتکاروں کی گندم ادھر ہی پڑی ہے،اعظم تارڑ صاحب کہتے ہیں انکوائری کی ضرورت ہی نہیں،بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ میں چھوٹا سا کمرہ دیا گیا جبکہ پیپلزپارٹی ،ن لیگ والے جیل میں سہولیات سے آراستہ تھے،پی ڈی ایم ٹو حکومت نے ملک برباد کر دیا، بجٹ لندن پلان کا حصہ ہے۔