اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے ہیں لاپتہ افراد کے مسائل ریاست کےلئے محبت پیدا نہیں کر رہے، کیامعلوم نہیں ایسے اقدامات سے ریاست کےخلاف نفرت پیدا ہوتی ہے، جبری گمشدگی الزام پر اداروں کے سربراہوں کو طلب کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچ طلبہ کی بازیابی کیلئے کمیشن سفارشات پر عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، سی ٹی ڈی، ایف آئی اے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کیا خفیہ اداروں کی کمیٹی نے کوئی ورکنگ کی ؟ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے استدعا کی عدالت عید کے بعد کا وقت دے دے۔
جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دئیے لاپتہ افراد نے بھی عید کرنی ہے،وکیل ایمان مزاری نے کہاہائی لائٹ کرنا چاہتی ہوں ادھر کوئی اور بیان دیا جاتا ہے بلوچستان میں کچھ اور ہوتا ہے، طالبعلم انیس الرحمن ابھی مسنگ ہیں باقی طالبعلم بازیاب ہوگئے،جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے لانگ ٹرم مسنگ کا معاملہ شارٹ ٹرم مسنگ کی شکل اختیار کر رہا ہے، کسی لیول پر پالیسی میکرز سے سوال کیاگیا؟،محسوس نہیں کر رہے کس طرح نفرت بڑھ رہی ہے ان میں ضرور دہشتگرد بھی ہوں گے لیکن جو بھی ہونا ہے قانون کے مطابق ہونا ہے، صرف ریکوری پر فوکس کرتے ہیں، ہر ایکشن کا ایک ری ایکشن ہوتا ہے،کمیٹی ایڈمنسٹریشن سائیڈ پر ہے خفیہ اداروں کے سربراہوں کو بلائیں گے وہ صرف لاپتہ افراد کی حد تک بریف کریں گے، بہت سے کیسز نیشنل سکیورٹی سے متعلقہ ہیں ،ان کیمرہ کر لیں گے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے ایجنسیوں کوکام سے نہیں روک رہے اگر ایک آدمی کو ایجنسیوں کے پاس رکھ کر بعد میں سی ٹی ڈی نے 500 گرام دھماکہ خیز مواد ڈالنا ہے تو پھر صرف عدالتوں کا وقت ضائع ہوتا ہے،بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، یہی وجہ ہے سرمایہ کار بھی نہیں آ رہے،لاپتہ افراد کی فیملیز اپنے بچوں کے انتظار میں ہیں، تفصیلی آرڈر پاس کروں گا،عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔
جبری گمشدگی الزام پر اداروں کے سربراہوں کو طلب کرینگے،جسٹس محسن اختر



















