ہتک عزت ایکٹ کے 3سیکشنز پر عملدرآمد عدالت کے حتمی فیصلے سے مشروط


لاہور:( کورٹ رپورٹر)ہائیکورٹ نے پنجاب ہتک عزت ایکٹ 2024کے 3سیکشنز پر عملدرآمد عدالت کے حتمی فیصلے سے مشروط کر تے ہوئے ریمارکس دئیے ٹریبونل حکومت کے حکم پر چلتے ہیں، عدلیہ کے حکم پر نہیں، جیسے سروس ٹریبونل اور بینکنگ ٹریبونل ہیں۔

جسٹس امجد رفیق نے پنجاب ہتک عزت ایکٹ 2024 کےخلاف ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا یہ ایکٹ عدلیہ کی آزادی، آزادی اظہار رائے کےخلاف ہے، ایکٹ کے مطابق چیف جسٹس 3ججز کے نام بطور ٹریبونل تجویز کر سکتے ہیں، اگر حکومت چاہے تو ان ناموں کو رد کر کے نئے نام منگوا سکتی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا چیف جسٹس کی تجویز کو رد نہیں کیا جا سکتا، اس پر عمل لازمی ہے، ایکٹ کے مطابق حکومت پنجاب ججز کے نام بطور ٹریبونل تجویز کر سکتی ہے، ان3 ناموں سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ایک نام منتخب کر سکتے ہیں، ایسا بالکل نہیں ہو سکتا، عدلیہ کے معاملات میں حکومت مداخلت نہیں کر سکتی،جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے اگر چیف جسٹس کچھ ناموں کی تجویز بھیجتے ہیں تو حکومت یہ نہیں کہہ سکتی کہ ہمارے فلاں وزیر کو یہ نام پسند نہیں آیا، یہ کوئی دکانداری یا سودے بازی ہے، وکیل درخواست گزار کا سوال ہے یہ ٹریبونل کیسے بن سکتا ہے، یہ بھی سوال ہے کہ حکومت اور چیف جسٹس کے درمیان مشاورت سے کیا مراد ہے،بعدازاں عدالت نے ہتک عزت کے قانون کے سیکشن 3، سیکشن 5 اور سیکشن 8 پر عملدرآمد عدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے نوٹس جاری کر دیئے،لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سمیت دیگر سے بھی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔