سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہیے،عمران

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہیے ۔

اڈیالہ جیل کی کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہافوجی شہید ہو رہے، اسلام آباد میں ڈکیتیاں ہو رہیں لیکن کوئی پرواہ نہیں، محسن نقوی سب سے بڑا سفارشی ہے، اس کی کیا خصوصیات ہیں، سب مجھے خاموش کرنے میں لگے ہوئے ہیں کسی طرح دھاندلی کور ہو جائے، چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرائی پھر ان کے پاس جانے کا کہا جا رہا ہے اور میڈیا کو بند کرنا ان کا مقصد ہے تاکہ جھوٹ کو چھپایا جائے۔

عمران خان نے کہا جو پارٹی میدان میں نہیں آئی ان کو جتوایا گیا، الیکشن کا پوسٹ مارٹم ہونا چاہیے، پورے پنجاب میں ہمارے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور پی ٹی آئی کے لوگ جہاں کنونشن کرتے ہیں ان کو اٹھا لیا جاتا ہے، 18 سال سے شبلی فراز ایک گھر میں رہائش پذیر ہیں اس پر دھاوا بولا گیا، اپنی جماعت کو پیغام دیا ہے کہ تیاری کریں ملک بھر میں احتجاج ہوگا، ملک کے اندر ذرائع آمدنی کم ہو رہی ہے اور قرضے بڑھتے جا رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا جیل سپرنٹنڈنٹ، آئی جی جیل خانہ جات اور جیل میں موجود کرنل کےخلاف قانونی کارروائی کریں گے، مجھے فیملی ممبران، وکلاءاور سیاسی رہنماﺅ ں سے 30، 30 منٹ ملاقات کا وقت دیا جاتا ہے جبکہ مجھے جیل میں ایک قیدی کھانا بنا کر دیتا ہے اور 6 لوگوں سے زائد لوگوں کو نہیں ملنے دیا جاتا،عمران خان نے شکوہ کیا نواز شریف اور آصف زرداری کےلئے گھر سے کھانا تیار ہو کر آتا تھا، دونوں کےلئے کئی لوگ ملاقات کےلئے جیل آتے تھے، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ ن لیگ کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا ن لیگ کے ایم این اے بیرسٹر عقیل ملک آج کی سماعت میں مشاہدے کےلئے عدالت میں موجود ہیں، اس پر کیا کہیں گے، عمران خان نے کہا ن لیگ اور ہمارے ایم این ایز کو جیل میں آنا چاہیے،صحافی نے سوال کیا حمود الرحمن کمیشن کی رپورٹ کا آپ حوالہ دیتے ہیں، آج کے حالات سے کیسے مطابقت رکھتی ہے؟ اس پر بانی پی ٹی آئی پاس کھڑے وکیل انتظار پنجھوتا سے مشورہ کرنے لگے،جیل عملے نے میڈیا کو عدالت سے باہر نکال دیا۔