سعودی عرب میں براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی عائد
ریاض(مشرق نیوز) سعودی عرب میں براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔سعودی میڈیا کے مطابق یہ پابندی 15 جون سے 15 ستمبر تک تمام نجی شعبوں کیلئے ہوگی جس کے تحت دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد نجی شعبے کے ملازمین کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے کیلئے سرکاری حکام نے نمبر بھی جاری کیا ہے جبکہ خلاف ورزی کی اطلاع موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے بھی دی جاسکتی ہے۔



















