اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) نیب ترامیم کیس براہ راست نشرکرنے کی درخواست مسترد، سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے وزیراعظم کو عدلیہ میںکوئی کالی بھیڑیں نظر آتی ہیں تو ریفرنس دائر کریں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کیس پر سماعت کی، عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے لائیو سٹریمنگ پر تھوڑی دیر تک بتاتے ہیں، جسٹس اطہر من اللہ نے براہ راست نشریات کی حمایت کرتے ہوئے کہا مقدمہ پہلے لائیو دکھایا جاتا تھا تو اب بھی لائیو ہونا چاہئے، خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے کہا مقدمہ عوامی مفاد و دلچسپی کا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ٹیکنیکل کیس ہے، عوامی مفاد کا معاملہ نہیں۔ بعدازاں بنچ سماعت براہ راست دکھائی جائے گی یا نہیں پر مشاورت کرنے کےلئے چلا گیا۔
سماعت کے دوبارہ آغاز پر سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس لائیو نہ دکھانے کا فیصلہ سنا دیا۔ سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس براہ راست نشرکرنے کی درخواست مسترد کردی، فیصلہ 4-1 سے کیا گیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تاخیر کےلئے معذرت چاہتے ہیں، کوئی بھی فیصلہ جلدبازی میں نہیں کرنا چاہتے تھے، مشاورت کے بعد فیصلہ کیا سماعت براہ راست نہیں دکھائی جائےگی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔
وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل کا آغازکرتے ہوئے کہا نیب ترامیم کرنا حکومتی پالیسی کا فیصلہ ہے، عدلیہ مداخلت نہیں کرسکتی، پارلیمنٹ کے اختیارات میں عدلیہ مداخت نہیں کرسکتی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ میں اپنی بات کرتا ہوں، میں میڈیا، سوشل میڈیا دیکھتا اور اخبارات پڑھتا ہوں، وزیر اعظم نے کالی بھیڑیں کہا تھا۔ اٹارنی جنرل نے وضاحت کی کہ یہ الفاظ موجود ججوں کیلئے استعمال نہیں کئے گئے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ نیب قانون ان لوگوں پر لاگو ہوتا رہا جو حکومت سے باہر رہے، پھر وہی لوگ جب حکومت میں آتے ہیں تو دوسرے لوگ نیب کی زد میں آجاتے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے نیب ترامیم کیسے آئین سے متصادم تھیں وجوہات کیا بتائی گئیں؟ قانون میں طے کردہ کرپشن کی حد سے کم کیس دیگر عدالتی فورمز پر چلانے کا ذکر ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ 5، 5 لاکھ روپے کے مقدمات بلوچستان ہائیکورٹ میں چلتے رہے، پارلیمنٹ سزا کم رکھے یا زیادہ خود فیصلہ کرے یہ اس کا کام ہے، سپریم کورٹ تو صرف قانون کے آئینی ہونے یا نہ ہونے کا جائزہ لے سکتی ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کیا نیب ترامیم سے مجرموں کو فائدہ پہنچایا گیا ہے؟ وکیل مخدوم علی خان نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے بلکہ نیب ترامیم سے جرائم کی نوعیت کو واضح کیا گیا ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے دریافت کیا کہ کیا کچھ لوگوں کی سزائیں نیب ترامیم کے بعد ختم نہیں ہوئیں؟ کیا نیب سیکشن 9 اے 5 میں تبدیلی کرکے میاں نوازشریف کی سزا ختم نہیں کی گئی؟ میاں نوازشریف کا کیس اثاثوں کا تھا جس میں بار بار ثبوت والی شق تبدیل کی گئی، نیب ترامیم سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں کی گئیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کیا حکومت خیبرپختونخواہ اپنے صوبے میں یہ قانون لاسکتی ہے جو پارلیمنٹ نے ترمیم کی؟ وکیل وفاقی حکومت مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ صوبائی حکومت ایسا کرسکتی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا خیبر پختونخوا کے کی صوبائی حکومت اپنے طور پر قانون بناسکتی ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں احتساب ایکٹ اس لئے ختم ہوا کہ وہاں نقصان ہورہا تھا، وکیل مخدوم علی خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے وزرا پریس کانفرنسز کرکے نیب قانون کے خلاف بیانات دیتے رہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کی تو آسان دلیل ہے کہ اقلیتی فیصلے کو اکثریتی فیصلہ کردیں، مخدوم علی خان نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ کسی قانون کی سزا کو مکمل ختم بھی کردے تب بھی اسے یہ اختیار حاصل ہے، پارلیمنٹ عدالتوں پر بوجھ کم کرنے کےلئے قانون سازی کرسکتی ہے، اکثریتی فیصلے میں ایک کروڑ روپے کی کرپشن تک نیب کو کارروائی کا کہا گیا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کرپشن کی حد کا اصول عدلیہ کیسے طے کرسکتی ہے؟ اقلیتی رائے میں کہا گیا ریٹائرڈ ججز اور جرنیلوں کو نیب قانون سے استثنیٰ نہیں ملنا چاہیے، کیا آپ اس رائے سے اتفاق کرتے ہیں؟ وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ میری رائے بالکل ایسی ہی ہے لیکن اٹارنی جنرل بہتر جواب دے سکتے ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پرویز مشرف کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب تحقیقات کی بات کی، کسی جج کو نیب قانون سے کیسے استثنیٰ دیا جاسکتا ہے؟ ہم ججز مقدس گائے کیوں ہیں؟ کسی کو بھی قانون سے ماورا نہیں ہونا چاہئے۔ اس پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ سروس آف پاکستان کی تعریف میں جج نہیں آتے، جج آئینی عہدے ہیں۔
بعدازاں عمران خان اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے درمیان پہلا باضابطہ مکالمہ ہوا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دریافت کیا کہ خان صاحب آپ خود دلائل دینا چاہیں گے یا خواجہ حارث پر انحصار کریں گے؟ عمران خان نے جواب دیا کہ میں آدھا گھنٹہ دلائل دینا چاہتا ہوں، مجھے تیاری کیلئے مواد ملتا ہے نہ ہی وکلا سے ملاقات کرنے دی جاتی ہے، میں قید تنہائی میں ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ 8 فروری کو ملک میں سب سے بڑا ڈاکا ڈالہ گیا، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ بات اس وقت نہ کریں، ہم ابھی نیب ترامیم والا کیس سن رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری دو درخواستیں جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق ہیں وہ اپ کے پاس موجود ہیں، چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی سے مکالمہ کیا کہ اس میں آپ کے وکیل کون ہیں؟ عمران خان نے بتایا کہ میرے وکیل حامد خان ہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ حامد خان ایک سینئر وکیل ہیں انہوں نے ملک سے باہر جانا تھا تو انکو انکی مرضی کی ایک مقدمے میں تاریخ دی ہے۔ بعد ازاں عمران خان نے بتایا کہ چیف جسٹس صاحب جیل میں ون ونڈو آپریشن ہے جس کو ایک کرنل صاحب چلاتے ہیں، آپ انکو آرڈر کریں کہ مجھے قانونی ٹیم سے ملاقات کرنے دیں، وہ مجھے قانونی ٹیم سے ملاقات کرنے نہیں دیتے، مجھے یہاں قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، میرے پاس مقدمے کی تیاری کا کوئی مواد نہیں اور نہ ہی لائبریری ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ کو مواد بھی فراہم کیا جائیگا اور وکلا سے ملاقات بھی ہوگی، اگر آپ قانونی ٹیم کی خدمات لیں گے تو پھر آپ کو نہیں سنا جائیگا۔ اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ کسی قانونی شخص سے معاونت تو ضروری ہے تیاری کیلئے، خواجہ حارث اور ایک دو اور وکلا سے ملنا چاہتا ہوں، یہ ملک کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اڈیالہ میں سب کچھ کرنل صاحب کنٹرول کرتے ہیں، پہلے بھی وکلا سے ملنا چاہتا تھا لیکن ممکن نہیں ہوا۔
سپریم کورٹ نے خواجہ حارث کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے عمران خان سے خواجہ حارث جب ملنا چاہیں مل سکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو مقدمے کا تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے، 50 لوگ ساتھ لے کر نہ جائیں ایک دو وکیل جب چاہیں عمران خان سے مل سکتے ہیں۔ اسی کے ساتھ وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان کے دلائل مکمل ہوئے، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کیلئے 3 گھنٹے کا وقت مانگ لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سماعت کے دوران ایک موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اٹارنی جنرل صاحب، وزیراعظم کو جا کر بتا دیجئے گا کہ سپریم کورٹ میں کوئی کالی بھیڑیں نہیں ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ وزیراعظم سے کہیں اگر سپریم کورٹ میں کوئی کالی بھیڑیں ہیں تو پھر آپ انکے خلاف ریفرنس دائر کریں۔ بعدازاں عدالت نے نیب ترامیم کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی، چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ تاریخ کا اعلان شیڈول دیکھ کر کریں گے۔
وزیراعظم کو عدلیہ میں کالی بھیڑیں نظر آتی ہیں تو ریفرنس دائر کریں، سپریم کورٹ



















