راولپنڈی :(بیورورپورٹ) عسکری قیادت نے کہا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کوانصاف کے کٹہرے میں لانا وسیع تر مفاد میں ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) کی زیرصدارت83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی،کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف افسروں اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، فورم نے شہدا کے ایصال وثواب کےلئے فاتحہ خوانی ،ملک کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کےلئے مسلح افواج کے افسروں و جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں ،پاکستانی شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،شرکاکوجیو سٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کےلئے ابھرتے چیلنجز و ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کےلئے پاک فوج کی حکمت عملی سے آگاہ ،پاک فوج کو جدید اور فیلڈ فارمیشنز کےلئے لاجسٹک سپورٹ کو بہتر بنانے کےلئے نئی تکنیکی تخلیقات پر بریفنگ دی گئی۔
فورم نے سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشتگردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن پاکستان کے اندر سکیورٹی فورسز و معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں،کانفرنس کے دوران فورم نے بھارت میں سیاسی مقاصد کےلئے بڑھتے فاشزم پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کےساتھ انسانیت سوز سلوک پر تشویش ،فلسطینی عوام کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ،غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں و جنگی جرائم کی مذمت کی گئی ،فورم نے غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن و دیگر تمام آپریشنز کو روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت بھی کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیاری تربیت ،انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افسروں و جوانوں کی شاندار کارکردگی،فارمیشنز کے بلند حوصلے و ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو سراہا ،کانفرنس نے حاضر سروس، ریٹائرڈ افسروں ،جوانوں کی تربیت، فلاح و بہبود کےلئے فوجی سطح پر کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے یوم تکبیر پر پاکستان کی طرف سے حاصل کیے گئے اہم سنگ میل اور خطے پر مستحکم اثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی و استحکام کو درپیش تمام خطرات کو قابل فخر قوم کی مکمل حمایت سے ناکام بنائیں گے،فورم نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف اور دہشتگردی کو فیصلہ کن شکست دینے کیلئے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا،شرکا نے بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاسماجی و اقتصادی ترقی سے ہی بیرونی طور پر پروپیگنڈا کرنے والوں کا مقابلہ کیا جا سکے گا،فارمیشن کمانڈرز نے پائیدار اقتصادی ترقی ،غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں بشمول سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کو روکنے کی کوششوں میں تعاون،قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت کیلئے مختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کا عزم اورون ڈاکیومنٹ رجیم، غیر قانونی و غیر ملکی تارکین کی باعزت وطن واپسی کی حمایت کا اظہار کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مشرقی سرحد پر موجودہ صورتحال ،مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے تازہ ترین واقعات کا جائزہ لیا اور سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کےلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا،شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عمل داری قائم کرنے اور 9 مئی کے مجرموں کےخلاف فوری و شفاف عدالتی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا، قوم جھوٹ و پروپیگنڈا کرنےوالوں کے مذموم ،مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل و یقینی شکست دینگے، ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، حوصلہ افزائی اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ ریاستی اداروں بالخصوص افواج کےخلاف ڈیجیٹل دہشتگردی مذموم سیاسی مقاصد کےلئے بیرونی سہولت کاروں کی مدد کےساتھ کی جا رہی ہے، مقصد جھوٹ و پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد قومی اداروں بالخصوص فوج،عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے،پروپیگنڈا کرنےوالوں کی پشت پناہی غیر ملکی سپانسرڈ پراکسیوں کے ذریعے کی جاتی ہے، مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو امن اور ترقی سے دور رکھنا ہے۔
9 مئی کے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا لازم،کارروائی کے بغیرملک یرغمال رہے گا، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس



















