غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم،چینی سرمایہ کاروں کو صنعتیں لگانے کی دعوت

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم اور نقصان والے فیڈرز پر بجلی بندش کا دورانیہ کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اوور بلنگ قطعی نہیں ہونی چاہئے، بجلی چوری کرنےوالوں کےساتھ سختی سے نمٹا جائےگا، بجلی چوری کےخلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عوام کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے شدید گرمی میں لوڈمینجمنٹ کی صورتحال میں بہتری لائی جائے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت بجلی کی لوڈمینجمنٹ اور چوری کےخلاف اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس گزشتہ روز ہوا۔ شہبازشریف نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم، نقصان والے فیڈرز پر بجلی بندش کا دورانیہ کم، تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز اورماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایات کردیں۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی صرف خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا بجلی چوری روکنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں ،لوگوں کو ریلیف دیں، بجلی چوری کرنےوالوں سے سختی کےساتھ نمٹا جائے گا ،بجلی چوری کےخلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے، اعلامیے کے مطابق شہبازشریف نے کہا ذاتی طور بجلی چوری کی روک تھام پر پیشرفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتیں،قانون نافذ کرنےوالے ادارے انسداد بجلی چوری مہم میں معاونت کریں، بجلی چوری کےخلاف تمام حکومتی ادارے ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے،وزیراعظم کو وزیراعلیٰ کے پی سے ہونےوالی ملاقات اورکے پی میں بجلی چوری روکنے کی یقین دہانی پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے پیشرفت کو سراہا۔

شہبازشریف نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے،نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی بجلی بندش کا دورانیہ کم کیا جائے۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ،چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے اہم جائزہ اجلاس ہوا،مختلف وفاقی وزارتوں کی جانب سے پاکستان چین دو طرفہ معاشی تعلقات پر تجاویز پیش کی گئیں۔

شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاچینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع پلان ترتیب دےدیا،چین پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے،چینی انڈسٹری خصوصاً چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیتے ہیں، حکومت چینی صنعت کاروں ،سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی،پاکستانی برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی ترتیب دینے میں چین پاکستان کا مددگار ثابت ہو سکتا ہے، پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے۔

وزیراعظم نے کہاچینی تعاون سے گوادر بندرگاہ کو لاجسٹکس کا حب بنائینگے،ایگری کلچر ڈیمانسٹریشن زونز کا قیام سی پیک کے اگلے مرحلے میں اہم منصوبہ ہو گا،پاکستان چین کےساتھ ترجیحی بنیادوں پر زراعت،انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی و متبادل توانائی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور بیجنگ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا خواہاں ہے،متعلقہ وزارتیں پاک چین تعاون کے نئے منصوبوں کی تیاری کریں اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھائے کےلئے اقدامات اٹھائیں۔

علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) تشکیل دےدی،کابینہ ڈویژن نے کابینہ کمیٹی برائے ایس آئی ایف سی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،وزیراعظم شہباز شریف خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کابینہ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ،وزرائے اعلیٰ کابینہ کمیٹی کاحصہ ہیں،کمیٹی میں 12 کابینہ اراکین ،6 اراکین باہر سے ہوں گے، دفاع، خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات، آئی ٹی، فوڈ سکیورٹی، پانی و بجلی، قانون و انصاف، سرمایہ کاری، صنعت و پیداوار اور پٹرولیم کے وزرا شامل ہیں،کابینہ کمیٹی کے فیصلے وفاقی کابینہ میں پیش ہوں گے، کمیٹی رولز آف بزنس 1973 کے تحت قائم کی گئی ،سیکرٹریٹ ایس آئی ایف سی آفس میں ہوگا۔

مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف نے سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز کے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے سپین جیسے ملک کا فلسطین کی حقیقت کو تسلیم کرنا بین الاقوامی منظر نامے پر مثبت پیشرفت و خوش آئند امر ہے۔

شہبازشریف نے کہاپیڈرو سانچیز اور سپین کے لوگوں نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے جاری تاریخی ظلم و جبر اور غاصبانہ عزائم کو فیصلے سے مسترد کر دیا ،رفح میں اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری کے نتیجے میں مزید 45 فلسطینی شہید ہوئے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،فلسطین میں جاری اسرائیلی نسل کشی کو ختم ہونا چاہیے، پاکستان نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی آزاد فلسطین و بیت المقدس کو بطور دارالخلافہ کے قیام تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اہم اجلاس طلب کرلیا،ذرائع کے مطابق اجلاس جاتی امرا میں ہوگا،وزیر اعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی،شہباز شریف حکومتی معاشی ٹیم کو بجٹ پراہم ہدایات جاری کریں گے۔