اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن 28 مئی (آج )یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی کا اعلان کر دیا،وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، 28 مئی کو پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباو قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، 28 مئی یوم تکبیر اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،وزیراعظم نے کہا اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے،وزیر اعظم نے کہا آئیں، یوم تکبیر پر ہم یہ عہد کریں کہ نہ صرف بیرونی دشمنوں بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے ادھر وزیراعظم شہبازشریف سے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی،وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیر خواجہ سعد رفیق کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے بھی ملاقات کی۔
یوم تکبیر پر آج سرکاری تعطیل کا اعلان،ملکی دفاع پر کوئی دباﺅ قبول نہیں،دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائیں گے:وزیر اعظم



















