ایک اور بڑی کامیابی، امیر قطر، کویت نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی، امیر قطر اور کویت نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔

اسلام آباد میں تعینات دونوں ملکوں کے سفرا نے وزیراعظم سے الگ الگ ملاقات میں اہم رہنماﺅں کے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنے کے مکتوب پیش کئے۔

پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف سے پاکستان میں تعینات کویت ، قطر کے سفرا نے الگ الگ ملاقات کی، کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے وزیراعظم کو امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کا خط پیش کیا جس میں باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنے کا پیغام دیا گیا۔

خط وصول کرتے ہوئے شہبازشریف نے 28 اپریل 2024 کو ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر امیر کویت سے ہوئی ملاقات کا ذکرکرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کا آئندہ اجلاس 28 سے 30 مئی کو کویت میں ہو گا۔ وزیراعظم نے امیر کویت کے آئندہ دورہ پاکستان کی بھرپور تیاری پر زور دیا تاکہ دورے سے باہمی فائدہ مند نتائج کو یقینی بنایا جاسکے۔

قطر کے سفیر مبارک علی عیسیٰ الخطرنے بھی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی طرف سے خط پہنچایا، باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کو قبول کیا گیا۔

شہبازشر یف نے قطر کے امیر کو تہہ دل سے تہنیتی پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کےساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفید تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے پرعزم ہیں، فریقین کو دونوں دارالحکومتوں کے درمیان وفود کے تبادلے کےساتھ دورے کی تیاری شروع کرنی چاہئے تاکہ اعلیٰ سطح کا دورہ نتیجہ خیز و کامیاب ہو اور نتائج دونوں ممالک کےلئے باہمی طور پر فائدہ مند ہوں، وزیر اعظم نے کہا امیر کویت ،قطر کا دورہ پاکستان سرمایہ کاری و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے میں کارگر ثابت ہو گا۔

دریں اثنا اپنے بیان میںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا چین کا تزویراتی شراکت دار اور آئرن برادر ہونے کے ناطے پاکستان نے ہمیشہ تائیوان پر چینی موقف کی اصولی حمایت کی جو آئندہ بھی جاری رہے گی۔

شہبازشریف نے کہاپاکستان ون چائنہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ تائیوان کو عوامی جمہوریہ چین کا ناقابل تنسیخ حصہ مانتے اور چینی حکومتوں کی کاوشوں کی مکمل حمایت کرتے ہےں،برائے نام انتخابات اور خود ساختہ حکومت کی منتقلی تائیوان کے مسئلے پر معروضی حقائق کو تبدیل نہیں کرسکتے۔

مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے ہم منصب جونس گیہرسٹور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے جذبے کو سراہا۔

شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا عالمی عدالت کافیصلہ خوش آئند ہے،اسرائیل کو غزہ اور رفح میںگھناو¿نے اقدامات روکنے کا حکم دیا گیا ،ناروے ،پاکستان دونوں پختہ یقین رکھتے ہیں اقوام متحدہ کاحمایت یافتہ دو ریاستی حل مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا بہترین راستہ پیش کرتا ہے،شہبازشریف نے کہاامید ہے ناروے، سپین اور آئرلینڈ کے جراتمندانہ و اصولی فیصلے سے دوسرے ممالک کو فلسطین کی ریاست تسلیم کرنے کےلئے پیروی کرنے کی ترغیب ملے گی۔