اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے نیب ترامیم کیس میںذاتی حیثیت میں پیش ہونے کےلئے درخواست کر دی،عمران خان نے تحریری درخواست جیل انتظامیہ کے ذریعے چیف جسٹس کو بھجوا ئی۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا30 مئی کو سپریم کورٹ میں میرا میچ ہے،میڈیا کا منہ بند کرنے کےلئے فارم 47 کی وزیراعلیٰ نے عزت کا قانون پاس کر دیا، ملک میں خوف کے ذریعے سب کچھ چلایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کو جلسے تک کی اجازت نہیں دی جا رہی ،پتہ ہے روف حسن پر حملے کے پیچھے کون ہے،ثابت ہوتا ہے نظام ڈنڈے کے ذریعے چلایا جا رہا ہے،پارٹی تیار ہو جائے روف حسن کے معاملے پر سڑکوں پر نکلیں گے، برداشت ختم ہو رہی ہے ،سڑکوں پر احتجاج کریں گے،ملکی حالات کی وجہ سے سڑکوں پر نہیں نکل رہے تھے، معیشت اس قابل نہیں احتجاج برداشت کر سکے، کوئی بھی نقصان ہوا تو خود ذمہ دار ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہاپارٹی تیار رہے اسمبلی و بجٹ اجلاس نہیںچلنے دیں گے، شہباز شریف کہہ رہا ہے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے ، مشکل فیصلے تب ہوتے ہیں جب لیڈر قربانیاں خود سے شروع کرے،نواز،شہباز ،زرداری بیرون ملک رکھے گئے اربوں روپے واپس لے کر آئیں، قوم بہت قربانی دے چکی اب قوم پہلے آپ سے قربانی چاہے گی،بانی پی ٹی آئی نے کہاتمام مقدمات براہ راست نشر کیے جائیں، قوم کو پتہ لگے چوری کس نے کی، غداری کا بھی کیس چلانا ہے تو چلائیں پھانسی کےلئے تیار ہوں۔
نواز شریف سے کسی قسم کی ڈیل کا تاثر مسترد کرتے ہوئے عمران خان نے کہاچودھری نثار کےساتھ نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی، نواز شریف نے سمجھ لیا میرے ضمیر کی قیمت صرف ایک سڑک ہے،بنی گالہ کی سڑک توشہ خانہ کے تحائف بیچ کر بنوائی تھی، نواز شریف ،محسن نقوی بتائیں پیسہ باہر کیسے گیا،پرویز الٰہی کی رہائی پر خوش ہوں، خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
دریں اثنا اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس میںنیب کے مزید 2 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کرلی گئی، عدالت نے 31 مئی کو نیب کے مزید گواہوں کو طلب کرلیا،ملزموں کی جانب سے سماعت معمول کے مطابق کرنے کی درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہوگئے، فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
ادھراسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں دونوں سٹیٹ کونسل کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی،چیف جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت سٹیٹ کونسلز سے استفسار کیا کیا آپ دونوں نے ملزموں سے کوئی مشاورت کی تھی؟ ۔
سٹیٹ کونسل نے جواب میں کہا بانی پی ٹی آئی نے میرے ساتھ مشاورت نہیں کی، انہوں نے انگیج کرنے سے انکار کیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کیسے ہیں؟ انہوں نے کہا میں ٹھیک ہوں، عدالت نے استفسار کیا یہ بھی کوئی میٹنگ ہے؟ موکل سے مشاورت ہوتی ہے، کیا آپ دونوں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی وکالت سے انکار پر بیان حلفی دے سکتے ہیں؟عدالت نے سائفر کیس میں تعینات دونوں سٹیٹ کونسلز کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔
مزید برآںڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان 6اور بشریٰ کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت 4جون تک ملتوی کردی ۔
30 مئی کوسپریم کورٹ میں میچ ،برداشت ختم، اسمبلی نہیں چلنے دیں گے،عمران



















