ہیلی کاپٹر گر کر تبا، ایرانی صدر، وزیر خارجہ سمیت 8 جاں بحق، تہران 5، پاکستان میں ایک روزہ سوگ، قومی پرچم سرنگوں

تہران، اسلام آباد، ماسکو (مشرق نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ، صوبے مشرقی آذربائیجان کے گورنر، آیت اللہ خامنہ ای کے خصوصی نمائندہ برائے آذربائیجان اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے 4 ارکان حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے گزشتہ شب لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور ایک گھننے جنگل میں ملنے کی تصدیق کردی جبکہ تمام لاشیں بری طرح جل گئی تھیں۔ حکام نے کہا کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان کی شناخت پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور فلائٹ ٹیکنی شن میجر بہروزش کے نام سے ہوئی،علاوہ ازیں ہیلی کاپٹر میں سدر ابراہیم رئیسی کے محافظوں کی ٹیم کے سربراہ سردار سید مہدی یوسفی بھی موجود تھے،ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ صوبے مشرقی آذر بائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان محمد علی آل ہاشم بھی سوار تھے،ایرانی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حادثے پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں 5 روزی قومی یوم سوگ کا اعلان کیااور نائب صدر محمد مخبر کو 2 ماہ کےلئے عبوری صدر مقرر کردیا،ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کی ہلاکت پر امریکہ، روس، چین، بھارت اور تمام ہی مسلم ممالک سمیت کئی سربراہان مملکت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے روحانی پیشوا اور عوام سے دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے،عرب میڈیا کے مطابق ایرانی صوبہ مشرقی آذربائیجان کے حکومتی عہدیدار حسن حقیقیان نے کہا ہے صدر ابراہیم رئیسی کی نمازجنازہ آج تبریز شہر میں ادا کی جائے گی،نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد ابراہیم رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا، صدر رئیسی کو شمال مشرقی ایران میں ان کے آبائی شہر مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا،علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے،سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر جاری ایک بیان میںوزیر اعظم نے کہا ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مثبت خبر کا منتظر تھا مگر ایسا نہ ہوا، اس المناک نقصان پر پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے ایران سے افسوس اور اظہارِ تعزیت کرتا ہوں، اللہ شہادت کا رتبہ پانے والوں کو جنت الفردوس میں مقام عطا کرے، ایرانی قوم اپنے روایتی جرات سے عظیم صدمے کو برداشت کرے گی،وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم ابراہیم رئیسی کے گزشتہ ماہ پاکستانی دورے کو یاد کرتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا،صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کےساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ایرانی صدر ابراہیم ریئسی کی شہادت پر دلی رنج اور صدمہ ہوا ہے، ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا افسوسناک واقعے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے اور اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے غم میں برابر کا شریک ہے،اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور شہریوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی وفات کا سن کر نہایت دکھ ہوا، غم اور آزمائش کی گھڑی میں ہم ایران اور اسکی عوام کےساتھ کھڑے ہیں،قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا صدر ابراہیم رئیسی کے جانے سے پوری مسلمہ کا نقصان ہوا، امت مسلمہ ایک عظیم اور دلیر لیڈر سے محروم ہو گئی ،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہااسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر افراد کی شہادت پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے، پاک ایران تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سفیر سے ملاقات کر کے ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان کی ناگہانی موت پر تعزیت کا اظہار کیا،وزیراعظم نے کہا مجھے اپنے بھائی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ پہنچا ہے، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلیٰ خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا، ابراہیم رئیسی کی اپنی قوم کےساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کےلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم نے کہا گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کیا، اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین! ،وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانے کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کیے،ادھر روس نے کہا ہے وہ رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات میں ایران کی مدد کےلئے تیار ہے،سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے کے مطابق روس کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شوئیگو نے کہا ماسکو ہیلی کاپٹر کے حادثے کی وجہ سے متعلق ایران کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔