کپیسٹی پے منٹس بڑا چیلنج،سولر نیٹ میٹرنگ پر کسی قسم کا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا: وزیر توانائی اویس لغاری
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے سولر نیٹ میٹرنگ پر کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں لگایا جا رہا،آج تک جتنے بھی سولر نیٹ میٹرنگ لگے ہیں ان کےساتھ ہونےوالے کنٹریکٹ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،قابل تجدید توانائی میں اضافہ ہوا ہے، کپیسٹی پے منٹس ہمارے لیے بڑا چیلنج ہیں، کووڈ کی وجہ سے بجلی کی طلب میں کمی ہوئی، اسے تبدیل کرنے کےلئے سیکٹورل ریفارمز کی ضرورت ہے جس کا احاطہ کرلیا گیا ہے، آئندہ 3سے 4سال کے اندر ٹرانسمیشن کے معاملات میں بہتری لائی جائے گی، وفاقی وزیر نے کہا ہم چاہیں گے کہ لوگ سولر کی طرف جائیں، اس سے سسٹم پر دباﺅ کم ہوگا، ایک سوال کے جواب میںاویس لغاری نے کہا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں کسٹمر کیئر سروسز کو بہتر بنانے، بجلی چوری کی روک تھام اور اس کےخلاف کریک ڈاﺅن کرنے کےلئے بورڈز میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ اہل افسران کی خدمات حاصل کی جا سکیں، سروسز کے حوالے سے زیرو ٹالرینس ہوگی، وفاقی وزیر نے کہا ہم پرائیویٹائزیشن کی طرف بھی جا رہے ہیں تاہم اس سے پہلے کچھ کمپنیوں کے ساتھ طویل المدتی معاہدوں کے ذریعے آپریشنل مینجمنٹ کنٹریکٹ دینے پر غور کر رہے ہیں تاکہ جب صورتحال بہتر ہو تو اس میں ویلیو ایڈیشن کر کے اسے پرائیویٹائز کیا جا سکے۔



















