بیرونی سرمایہ کاری وبزنس میں توسیع پربھرپور معاونت کرینگے:مریم نواز

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جرمن ملٹی نیشنل کمپنی میٹرو کی سینئر وائس پریزیڈنٹ ای ون جولیٹا بولونے ملاقات کی جس میں میٹرو اور پنجاب حکومت کے درمیان روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے امور پر گفتگو کی گئی، پنجاب میں میٹرو کے کاروباری آپریشنز کو وسعت دینے ممکنہ مواقع،باہمی ترقی اور کامیابی کےلئے ممکنہ شراکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں سرمایہ کاری کے موزوں ترین ماحول میسر ہے، بیرونی سرمایہ کار ی اور بزنس میں توسیع پربھرپور معاونت کی جائے گی، ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کے تدارک کےلئے انفورسمنٹ اتھارٹی قائم کی جارہی ہے،پنجاب میں میٹرو کے توسیعی منصوبے صوبے کے لوگوں کےلئے مزید ملازمتیں اور مواقع پیدا کریں گے،ای ون جولیٹا بولو نے کہا میٹرو پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کے مواقع فراہم کررہا ہے، پاکستان میں میٹرو اے جی بزنس ٹو بزنس (B2B) طبقے کےلئے بہت سی سروسز فراہم کرتا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایجوکیشن ریفارمز کے 5 سالہ پلان کا ماہانہ شیڈول طلب کرلیا، مریم نواز نے پرائمری سکول ہیڈز کو 32298 کمپیوٹر ٹیب دینے کی منظوری دےدی، وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے سکول نیو ٹریش پراجیکٹ پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں 1000ایلیمنٹری سکولوں میں STEM آئی ٹی اینڈ سائنس لیب قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، ایشین ڈویلپمنٹ بینک STEM لیب کے قیام کےلئے 100ملین ڈالر کی مالی معاونت کرے گا، سرکاری سکولوں کے 3 لاکھ بچوں کو گوگل سرٹیفیکیشن کےلئے معاہدے کی اصولی منظوری دی گئی،ڈیجیٹل سفر برائے ٹیک ویلی پراجیکٹ کے تحت طلبہ کو گوگل سرٹیفیکیشن کے مواقع ملیں گے،پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹریننگ کے قیام کی تجاویز اور سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا، مریم نوازنے کہاسرکاری سکولوں میں کوالٹی آف ایجوکیشن کوہر صورت بہترین کرنا ہے۔