بجلی ،گیس بم تیار،حکومت نے آئی ایم ایف کو قیمتوں میں اضافے کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بجلی ،گیس بم تیار،حکومت نے آئی ایم ایف کو قیمتوں میں بروقت اضافے کی یقین دہانی کرادی۔

ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ نے جون 2024 سے گیس قیمتوں میں ششماہی بنیاد پر پھر اضافے ، بجلی چوری روکنے، ترسیلی نظام بہتر بنانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاسال 25-2024میں بجلی ٹیرف کی سالانہ ری بیسنگ کا نوٹیفکیشن بروقت جاری کیا جائے ،پاور پرچیز ایگریمنٹس پر نظرثانی اور زرعی ٹیوب ویلز کی سبسڈی میں اصلاحات کی جائےں۔

آئی ایم ایف نے تمام کھاد کمپنیوں سے گیس کی مکمل قیمت وصول کرنے کا مطالبہ بھی کردیا، حکومت نے مختلف علاقوں و صنعتوں کیلئے گیس قیمتوں میں فرق کم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے گردشی قرضے کی روک تھام وکمی کیلئے صارفین سے مکمل کاسٹ ریکوری کا پلان تیار کرنے کےساتھ اصلاحات کا منصوبہ بھی بنالیا،عالمی مالیاتی فنڈ نے کہاجون تک بجلی سیکٹر میں گردشی قرضے کا 2300 ارب کا ہدف پورا کریں،بجلی و گیس ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کے وقت غریب گھرانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے،حکومت کی جانب سے کاسٹ ریکوری کیلئے یونیفارم گیس پرائس متعارف کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ بجٹ میں توانائی شعبے کےلئے پالیسی گائیڈ لائن دیتے ہوئے کہاصنعتوں کیلئے سبسڈی ختم،بجلی و گیس کے ریٹ بروقت طے ،سرکلر ڈیٹ بڑھنے نہ دیاجائے،توانائی اصلاحات کے بغیر پاکستانی معیشت خطرات سے دوچار رہے گی،آئندہ بجٹ میں توانائی شعبے میں مقررہ بجٹ سے تجاوز خطرناک ہوسکتا ہے،بجلی و گیس کے بلوں میں وصولی بہتر بنائی جائے۔

علاوہ ازیںآئی ایم ایف کے معاون وفد نے نگراں حکومت کے معاشی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے موجودہ حکومت سے نگراں دورکی پالیسیوں پرعملدرآمد کی سفارش کردی۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے کہانگراں دور حکومت میں قرضے کم کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے، نگراں حکومت نے سیاسی نقصان کی پرواہ کیے بغیر معاشی اقدامات کیے،پرائمری سرپلس کا ہدف حاصل کرنے کےلئے سخت کوشش کی گئی، نگراں حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث بیرونی آمدن بحال ہوئی، نئی حکومت نگراں دور کی معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھے،قرضوں کو کم کرنے کےلئے نگراں دور کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے، نگراں حکومت نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات شروع کیے،ایف بی آر کی آٹومیشن کا منصوبہ شروع ہوا، ملکی آمدن بڑھانے کےلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

آئی ایم ایف نے کہاملکی اخراجات کو کنٹرول ، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے صوبوں سے رابطے مضبوط کیے جائیں، قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر بجٹ سے انحراف خطرناک ہوسکتا ہے۔