ہائیکورٹ نے طلباءکوالیکٹرک بائیکس دینے سے روکدیا، کینال روڈ پر لائٹس لگانے پر اظہار ناراضی

لاہور: (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے طلباءکوالیکٹرک بائیکس دینے سے روکدیا،جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی سموگ تدارک کےلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی،عدالت نے بیان حلفی جمع کرانے پر جوہر ٹاﺅن میں سیل کئے گئے ریستورانوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی اگر ریستوران مالکان کی جانب سے دوبارہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو 10،10لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے،ہائیکورٹ نے ریستورانوں کو رات 11بجے ،جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 12بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت بھی دے دی۔

جسٹس شاہد کریم نے جشن بہاراں کی مناسبت سے کینال روڈ پر لائٹس لگانے پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے لائٹس کی بجائے پودے لگاتے تو ماحول کےلئے فائدہ مند تھے، عجیب و غریب لائٹس لگا کر عوامی پیسے کو ضائع کیا گیا، گملوں میں پودے بھی رکھے گئے جو چند دن بعد مرجھا جائیں گے،عدالت نے پی ایچ اے وکیل سے استفسار کیا لائٹس پر کتنا پیسہ لگا ،تفصیل کیا ہے؟ پی ایچ اے کے وکیل نے کہا تفصیل کا علم نہیں لیکن منگوا لیتے ہیں،جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا وضو کاپانی پودوں کو لگانے کےلئے اقدامات کئے جائیں، مساجد کے پانی کو ری سائیکلنگ کرنے کی طرف آئیں گے مگر وقت لگے گا، فصلوں کی باقیات کو ابھی بھی جلایا جا رہا ہے ،روکنا ہوگا۔

عدالت نے نئے کمشنر لاہور کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کر دیں،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کمشنر صاحب کا بڑا عالیشان دفتر بن گیا ،ساری دنیا میں رات کو اشتہارات ایجنسی والے اشتہارات لگاتے ہیں، مگر یہاں پر صبح کے وقت اشتہارات لگائے جا رہے ہوتے ہیں۔

ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہاہر جگہ فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے،پہلے پی ڈی ایم اے کا ڈیٹا آ رہا تھااب نہیں آ رہا،،وکیل پنجاب حکومت نے کہا 19ہزار بائیکس پورے پنجاب میں بانٹی جا رہی ہیں،عدالت نے ریمارکس دیئے طالبعلموں کو سائیکل ،پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی جانب راغب کرنا چاہیے، طالب علموں کو آپ بائیکس دیں گے تو ون ویلنگ کریں گے ،لڑکیوں کے تعلیمی اداروں کے باہر جائیں گے،لاہور ہائیکورٹ نے طلبا کو الیکٹرک بائیکس دینے سے روکتے ہوئے قرعہ اندازی عدالتی حکم کےساتھ مشروط کردی اور منصوبے کی تفصیلات بھی طلب کر لیں،عدالت نے ریمارکس دئیے بائیکس کی بجائے حکومت کالجز کو الیکٹرک بسیں فراہم کرے۔